ویب ڈیسک: پاکستان بھر کے 21 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی اہلکاروں کیلئے کوڈ آف کنڈکٹ جاری کردیا ہے۔ اس کے علاوہ ضمنی انتخابات میں پاک فوج کے دستے تعینات کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 21 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے کوڈ اف کنڈکٹ جاری کر دیا۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کو پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعیینات کیا جائے گا، سیکیورٹی اہلکار ڈی آر او، آر او اور پریزائڈنگ آفیسر کے ساتھ تعاون کریں گے۔
ضابطہ اخلاق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اہلکار کسی بھی ووٹر سے اس کی شناخت نہیں پوچھیں گے اور نہ ہی انتخابی عملے کے اختیارات اپنے ہاتھ میں لیں گے۔
سیکیورٹی اہلکار بیلٹ پیپر اور انتخابی سامان کو اپنی تحویل میں لینے لے اہل بھی نہیں ہونگے اور ووٹوں کی گنتی کے دوران بھی کسی قسم کی مداخلت نہیں کریں گے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے ضمنی انتخابات میں سول آرمڈ فورسز اور پاک آرمی کے دستے تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے سول آرمڈ فورسز اور پاکستان آرمی کے دستے تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
اعلامیے کے مطابق سول آرمڈ فورسز اور پاکستان آرمی کے دستے کوئیک رسپانس فورس کے طور پر استعمال ہوں گے، سول آرمڈ فورسز اور پاکستان آرمی کے دستے دوسرے اور تیسرے حصار کے طور پر استعمال ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سول آرمڈ فورسز اور پاکستان آرمی کے دستے آج سے 22 اپریل تک 21 حلقوں میں دستیاب ہوں گے۔