ملک بھر میں طوفانی بارشیں،محکمہ موسمیات نےخبردارکردیا

ملک بھر میں طوفانی بارشیں،محکمہ موسمیات نےخبردارکردیا
کیپشن: ملک بھر میں طوفانی بارشیں،محکمہ موسمیات نےخبردارکردیا

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ بارش کا بھی امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ باغوں کے شہر لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر میں ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں آج بھی وقفے وقفے سے بادل برسنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشیں برسانے والے نئے سسٹم نے پنجاب میں ڈیرے ڈالنا شروع کر دئیے ہیں، بارشیں برسانے والا نیا نظام مغربی ہواؤں کے باعث وجود میں آیا ہے، بارشوں کی زیادہ شدت جنوبی پنجاب میں ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی خیبرپختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران رات کے اوقات میں موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، قصور، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ،خوشاب، بہاولپور، ملتان، تونسہ اورڈیرہ غازی خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔ پنجاب کے دیگر اضلاع میں موسم مرطوب رہے گا۔

خیبرپختونخوا

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، بالاکوٹ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، مہمند، خیبر، باجوڑ، مالاکنڈ، مردان، پشاور، کرک، کوہاٹ، کرم، بنوں، وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقاما ت پر موسلادھار بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔

بلوچستان

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، سبی، زیارت، لسبیلہ، قلات، خضدار اور نصیر آباد میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

سندھ

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم کراچی، حیدر آباد، جامشورو، جیکب آباد، سکھر، شکار پور، دادو اورلاڑکانہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

شہر قائد میں صبح سویرے بوندا باندی، موسم خوشگوار

 شہر قائد کراچی میں شہر قائد میں صبح سویرے ہونے والی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ کراچی میں بادلوں کے تاحال ڈیرے برقرار ہیں اور مطلع ابر آلود ہے جبکہ صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش نے رنگ جما دیا جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

شہر قائد کے علاقوں کلفٹن، بوٹ بیسن اور اطراف میں بوندا باندی ہوئی جبکہ لیاری، ماڑی پور روڈ، ہاکس بے میں بھی صبح سویرے ہلکی بارش سے نے ڈیرے ڈالے تاہم میٹروول، سکیم 33، یونیورسٹی روڈ پر بھی بوندا باندی ہوئی ہے۔

یکم جولائی سے17 اگست تک بارشوں کے دوران 189 افراد جاں بحق، 333 زخمی

این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں یکم جولائی سے 17 اگست تک بارشوں کے دوران 189 افراد جاں بحق اور 333 زخمی ہوگئے۔

این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں یکم جولائی سے 17 اگست تک ہونے والی موسلادھار بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر رپورٹ جاری کردی۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں یکم جولائی سے جاری بارشوں کے دوران سب سے زیادہ صوبہ پنجاب میں 68 شہری جاں بحق ہوئے، خیبرپختونخوا میں 65 اور سندھ میں مختلف حادثات میں 32 افرد جان کی بازی ہار گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبہ بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہوئے، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔

این ڈی ایم اے نے رپورٹ میں بتایا کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث 645 گھر مکمل تباہ ہوئے اور ایک ہزار 419 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ملک بھر میں بارشوں کے باعث 8 اسکول اور 35 پل بھی متاثر ہوئے، جب کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث 323 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

Watch Live Public News