ویب ڈیسک :مقبوضہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخاب کے پیش نظر محبوبہ مفتی کی پارٹی پی ڈی پی نے 8 امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں سب سے اہم نام محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی کا ہے جو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے روایتی خاندانی سیٹ بجبیہڑا سے انتخاب لڑیں گی۔
رپورٹ کے مطابق پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ( پی ڈی پی) نے آئندہ مقبوضہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخاب کے مدنظر آج انتخابی حلقوں کے لیے انچارج کی بھی فہرست جاری کی۔ پی ڈی پی جنرل سکریٹری غلام نبی لون ہنجورا نے یہ فہرست جاری کی جس کے مطابق اننت ناگ مشرق میں عبدالرحمان ویری، دیوسر میں سرتاج احمد مدنی، اننت ناگ میں ڈاکٹر محبوب بیگ، چرارے شریف میں نبی لون ہنجورا، بجبیہڑا میں التجا مفتی، واچی میں محی الدین وانی، پلوامہ میں وحید الرحمن پارا اور ترال میں رفیق احمد نائک کو انچارج بنایا گیا ہے۔
التجا مفتی پارٹی چیف محبوبہ مفتی کی نظر بندی کے وقت سے ان کی میڈیا مشیر کی شکل میں کام کر رہی ہیں۔
محبوبہ مفتی سیاست سے دست بردار
پی ڈی پی جنرل سکریٹری غلام نبی لون ہنجورا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پارٹی نے یہ قدم انتخابی تیاریوں کے تحت اٹھایا ہے، جس سے یہ یقینی کیا جا سکے کہ ہر انتخابی حلقہ میں پارٹی انچارج ذمہ داری کے ساتھ کام کر سکیں۔ اس معاملے میں پی ڈی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ قدم محبوبہ مفتی کی طرف سے بیٹی کو اپنی سیاسی وراثت سونپنے کی سمت میں پہلا قدم ہے، کیونکہ محبوبہ نے خود اسمبلی انتخاب لڑنے سے انکار کر دیا ہے۔
التجا مفتی کون ہیں؟
مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی دہلی یونیورسٹی سے علم سیاسیات میں گریجویٹ ہیں اور یونائٹیڈ کنگڈم کے واروِک یونیورسٹی سے انٹرنیشنل رلیشنز میں ماسٹر ڈگری حاصل کر چکی ہیں۔ التجا طویل مدت سے پی ڈی پی چیف کی میڈیا صلاحکار کے بطور سرگرم ہیں۔ اب اس انتخاب میں وہ آفیشیل طور پر سیاست میں قدم رکھنے جا رہی ہیں۔ التجا جنوبی کشمیر کے بجبیہڑا سے اسمبلی انتخاب لڑیں گی، جو مفتی فیملی کا روایتی قلعہ مانا جاتا ہے۔