کرکٹ کی تاریخ کا بڑا عجوبہ، بلے باز کلین بولڈ ہو کر بھی ناٹ آؤٹ

کرکٹ کی تاریخ کا بڑا عجوبہ، بلے باز کلین بولڈ ہو کر بھی ناٹ آؤٹ
سڈنی: (ویب ڈیسک) اگر کوئی بلے باز کلین بولڈ ہو کر بھی آؤٹ ہونے سے بچ جائے تو شاید آپ کو یقین نہ آئے لیکن آسٹریلیا میں کھیلی جا رہی ویمنز نیشنل کرکٹ لیگ میں بھی ایسا ہی نظارہ دیکھنے کو ملا ہے جس نے سب کو حیران کر دیا۔ آسٹریلیا میں جاری ویمن نیشنل کرکٹ لیگ میں کوئنزلینڈ اور تسمانیہ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں جارجیا وول کو بیلنڈا وکاریوا نے کلین بولڈ کردیا تاہم اس کے باوجود وہ ناٹ آؤٹ رہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گیند نہ تو نو بال تھی اور نہ ہی ڈیڈ بال، اس کے باوجود بلے باز کو ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا۔ دراصل کوئنز لینڈ کی اننگز کا 14 واں اوور جاری تھا۔ یہ اوور تسمانیہ کی بائولر وکاریوا نے کروایا۔ اس اوور کی پہلی گیند پر انہوں نے کوئی رن نہیں دیا۔ دوسری گیند پر سنگل ہوا اور جارجیا وال اسٹرائیک اینڈ پر آئیں۔ تیسری گیند پر پھر کوئی رن نہیں بنا۔ اسی دوران تسمانیہ کی بائولر کی چوتھی گیند سیدھی وکٹ اڑاتی ہوئی کیپر کے گلوز میں جا لگی۔
لیکن تسمانیہ کی جانب سے آؤٹ کے حوالے سے کوئی اپیل نہیں کی گئی۔ کرکٹ کا قانون ہے کہ جب تک فیلڈنگ ٹیم یا بائولر اپیل نہ کرے امپائر بلے باز کو آؤٹ نہیں دے سکتا۔ اس دوران کمنٹیٹرز کو یہ بھی لگا کہ وکٹ کیپر کے گلوز کی وجہ سے بیل گر گئی ہیں لیکن ایسا نہیں تھا۔ بعد میں جب اس واقعہ کا ری پلے دکھایا گیا تو سب کو اس کا علم ہوا۔ جس وقت یہ واقعہ ہوا اس وقت جارجیا 39 گیندوں پر 26 رنز بنا کر کھیل رہی تھی۔ بلاشبہ اسے اس میچ میں لائف لائن ملی لیکن وہ اس کا صحیح فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ تسمانیہ خوش قسمت تھی کہ اسے زیادہ نقصان نہیں پہنچا کیونکہ نکولا کیری کی ناقابل شکست سنچری نے ٹیم کو 5 وکٹوں سے میچ جیتنے میں مدد دی۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

Watch Live Public News