مشیر خزانہ شوکت ترین سینیٹ کے رکن منتخب

مشیر خزانہ شوکت ترین سینیٹ کے رکن منتخب
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین کو خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب کر لیا گیا۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق خیبرپختونخوا کی اسمبلی میں ہونے والے الیکشن کے دوران مشیر خزانہ شوکت ترین نے 87 ووٹ حاصل کیے۔ اے این پی کے شوکت امیر زادہ کو 13، جے یو آئی کے اظہر خان کو بھی 13 ووٹ ملے جبکہ 122 ارکان نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ سینیٹر منتخب ہونے کے بعد مشیر خزانہ شوکت ترین اب وزیر خزانہ کا عہدہ دوبارہ سنبھال سکیں گے۔ اس سے قبل انہوں نے یہ عہدہ رواں سال مارچ میں سنبھالا تھا اور اکتوبر تک اپنے فرائض انجام دیئے تھے۔ تاہم وزیراعظم کے خصوصی اختیارات ختم ہونے کے بعد انہیں دوبارہ مشیر خزانہ منتخب کیا گیا۔ شوکت ترین کو سینیٹر بنانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق سینیٹر ایوب آفریدی عہدے سے مستعفی ہوئے تھے۔ جس کے بعد ان کی یہ ٹکٹ شوکت ترین کو دی گئی تھی۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت بننے کے بعد وزیر خزانہ کی سب سے پہلے ذمہ داری اسد عمر کو دی گئی تھی، اسد عمر کو ہٹائے جانے کے بعد یہ ذمہ داری عبدالحفیظ شیخ کو دی گئی تھی، عبد الحفیظ شیخ کو ہٹائے جانے کے بعد عارضی طور پر ذمہ داری حماد اظہر کے پاس آئی تھی ، تاہم ایک ماہ سے قبل ہی وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزارت خزانہ کا عہدہ شوکت ترین کو دے دیا تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔