لاہور : انار کلی میں دھماکہ ؛ 3 افراد جاں بحق

لاہور : انار کلی میں دھماکہ ؛ 3 افراد جاں بحق
پبلک نیوز کے مطابق لاہور کےعلاقے انار کلی میں پان منڈی پر دکانوں کے قریب دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے سے متعدد عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور قریب کھڑی موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہےکہ دھماکا ایک بج کر 45 منٹ پر ہوا جس کے تعین کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کام کررہا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 29 افراد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیےمیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک نو سالہ بچہ بھی شامل ہے. ذرائع کا بتانا ہےکہ دھماکے کی جگہ پر گڑھا پڑ گیا ہے اور فارنزک ٹیمیں شواہد اکٹھا کر رہی ہیں ۔ پولیس نے علاقے میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ دکانوں کے پاس پلانٹڈ بم نصب کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا ہے اورتقریباً ڈیڑھ فٹ گہرا گڑھا پڑا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ دھماکا انارکلی بازار کے داخلی راستے پر ہوا ہے اور بم نجی بینک کے قریب موجود دکانوں کے پاس ہوا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد نے دھماکے میں 25 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ امن و امان کی فضاء کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے۔ دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ مٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے انار کلی میں دھماکے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے. آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور موقع پر پہنچ گئے ۔ راؤ سردار علی خان کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جا رہی ہیں ۔ ایم ایس میو ہسپتال کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والا اکتیس سالہ رمضان انار کلی میں پٹھورے لگاتا تھا، رمضان راوی روڈ کا رہائشی تھا ‏، رمضان کا بھانجا ڈیڈ باڈی وصول کرنے اسپتال پہنچ گیا ہے، ‏ ‏جاں بحق ہونے والے نو سالہ لڑکے ابصار کی ڈیڈ باڈی ورثا کے حوالے کی جارہی ہے. سیاسی قیادت کی جانب سے واقعے کی مذمت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ دوسری جانب بلوچ علیحدگی پسند تنظیم نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے. وزیراعظم نے رپورٹ طلب کرلی وزیراعظم عمران خان نے لاہور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ پولیس کو الرٹ رہنے کا حکم انار کلی دھماکے کے بعد آئی جی پنجاب نے شہر کے اہم مقامات پر سیکیورٹی سخت کرنے کا حکم دے دیاہے اور پولیس حکام کو کڑی ہدایت جاری کیں ہے کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے اور جامع تلاشی کے بعد گاڑیوں کو داخلے کی اجازت دی جائے۔ واقعہ کی ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، جس میں دھماکا ہوتے صاف دیکھا جاسکتا ہے