عبداللہ شفیق نے عظیم کھلاڑی جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ دیا

عبداللہ شفیق نے عظیم کھلاڑی جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ دیا
قومی ٹیم کے ٹیسٹ اوپنر عبداللہ شفیق نے ابتدائی 6 ٹیسٹ میچوں میں زیادہ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ منگل کو سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں عبداللہ شفیق نے ناقابل شکست سنچری سکور کرکے ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کروایا۔ ان سے قبل سابق پاکستانی کپتان لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد نے اپنے ابتدائی 6 ٹیسٹ میچوں میں 652 رنز بنائے تھے۔ عبداللہ شفیق اپنے چھٹے ٹیسٹ میچ میں 672 رنز بنا چکے ہیں جبکہ ابھی ان کی اننگز جاری ہے۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک 2 سنچریاں اور 4 نصف سنچریاں سکور کر چکے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ پاکستان نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنا لئےاوراسے فتح کے لئے مزید 120 رنز درکار ہیں، عبداللہ شفیق شاندار سنچری کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ۔ منگل کو گال ٹیسٹ کے چوتھے روز میزبان سری لنکا نے گزشتہ روز کے سکور329 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، چندی مل 86 اور جے سوریا 4 رنز پر کھیل رہے تھے تاہم چوتھے روز سری لنکا کے مجموعی سکور میں محض 8 رنز کے اضافہ ہو سکا اور جے سوریا نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اس طرح سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں 337 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ مڈل آرڈر بیٹر دنیش چندی مل94 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل ہیں۔ پاکستان نے 342 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز کا پراعتماد انداز میں آغاز کیا۔ اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 86 رنز بنائے، پاکستان کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب امام الحق 35 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اظہر علی بھی کچھ دیر کے بعد صرف 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ اس موقع پر کپتان بابراعظم نے عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کر ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں بیٹرز نے 101 رنز کی شراکت قائم کی۔ بابراعظم 55 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ عبداللہ شفیق نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔ وہ 112 اور محمد رضوان 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ سری لنکن سپنر جے سوریا نے 2 اور مینڈس نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح پاکستان نے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنا لئے ہیں اور اسے میچ میں فتح کے لئے مزید 120 رنز جبکہ سری لنکا کو 7 وکٹیں درکار ہیں۔ واضح رہے کہ سری لنکا نے مہمان ٹیم پاکستان کو جیت کے لئے 342 رنز کا ہدف دیا ہے، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 4 رنز کی سبقت حاصل کرنے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں 337 رنز بنا سکی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔