سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے اس سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل میچ کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے معذرت کرلی۔ بھارت اور پاکستان اس سال23 اکتوبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ایک اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مقابلہ کریں گے۔دونوں روایتی حریف گزشتہ سال دبئی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ کے بعد 1سال کے اندر دوسری بار آمنے سامنے ہوں گے۔ گزشتہ برس میچ سے قبل ہر بھجن نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو یہ کہا تھا کہ پاکستانی ٹیم بھارت کو واک اوور دے کیونکہ آپ لوگ ورلڈکپ مقابلوں میں ہمیں شکست نہیں دے سکتے اور اس بار بھی ہمارا اسکواڈ کافی اچھا ہے اور آپ کے جیتنے کا کوئی چانس نہیں ہے۔ تاہم پاکستان نے دبئی میں ہونے والے میچ میں بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے ہرایا تھااور بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ کو منہ کی کھانی پڑی تھی۔ اس لئے ہربھجن نے اس بار احتیاط کرتے ہوئے پاک بھارت ٹاکرے سے قبل میچ کے متعلق کسی بھی قسم کا بیان دینے سے معذرت کرلی ہے۔ بھارتی کرکٹ ویب سائٹ پر شعیب اختر کے ہمراہ بات کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہا تھا کہ اس سال پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہمارا میچ ہے تاہم اس بار میں کوئی کوئی پیشن گوئی نہیں کروں گا اور بیان بھی نہیں دوں گا کہ کون جیتے گا۔