لاہور (ویب ڈیسک) راوی اربن سٹی یا راوی ریور اربن سٹی کے لیے قائم کردہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے چیئرمین حکومتی رویہ سے دلبرداشتہ ہو مستعفی ہو گئے ہیں۔ راشد عزیز کی جانب سے بطور چیئرمین روڈا استعفیٰ چیف سیکرٹری کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ منصوبہ کے آغاز سے قبل چیئرمین کے استعفیٰ نے کئی سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ روڈا چیئرمین نے حکومت کی جانب سے اختیار کیے گئے رویہ سے دلبرداشتہ ہو کر استعفیٰ دیا۔ صوبائی حکومت نے نہ صرف چیئرمین کے اوپر سی ای او کا عہدہ تشکیل دیا بلکہ عبوری چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی بھی کر دی گئی۔ علاوہ ازیں حکومت نے راشد عزیز کی تنخوانہ بھی بند کر دی۔
ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹو کے عہدہ کی تشکیل اور سی ای او کی تقرری سے متعلق چیئرمین کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ دوسری جانب روڈا اتھارٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے والے راشد عزیز نے اپنے استعفیٰ میں کہا ہے کہ ذاتی وجوہات کے باعث مستعفی ہو رہا ہوں۔