عام انتخابات2024 میں بےضابطگیاں ہوئیں،سینٹ میں بتاؤں گا،ڈونلڈ لو

عام انتخابات2024 میں بےضابطگیاں ہوئیں،سینٹ میں بتاؤں گا،ڈونلڈ لو
کیپشن: عام انتخابات2024 میں بےضابطگیاں ہوئی،سینٹ میں بتاؤں گا،ڈونلڈ لو

ویب ڈیسک: جنوبی و وسطی ایشیائی امور کے اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ امریکا ڈونلڈ لو آج ایوان کی خارجہ امور سے متعلق ذیلی کمیٹی میں پیش ہو کر پاکستان میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات سے متعلق بیان دیں گے جب کہ انہوں نے اپنا تحریری بیان ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں جمع کرادیا ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق ڈونلڈ لو کی جانب سے امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں جمع کرائے گئے بیان میں کہا گیا کہ عام انتخابات سے پہلے ہی پرتشدد واقعات سامنے آئے، پولیس، سیاستدانوں اور سیاسی اجتماعات پر دہشت گردحملے کیے گئے، رپورٹرز خاص طور پر خواتین کو سیاسی پارٹیوں کے حامیوں نے ہراساں کیا۔

امریکی عہدیدار نے کہا کہ کئی سیاسی رہنما اپنے مخصوص امیدوار اور پارٹیاں رجسٹرڈ نہ کراسکے، الیکشن نگرانی کی تنظیم نے بتایا کہ انہیں پولنگ اسٹیشنز تک رسائی سے روکا گیا، ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن کےدن انٹرنیٹ سروس بند کی گئی۔

واضح رہے کہ امریکی ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی نے مشرق وسطیٰ، افریقہ اور وسطی ایشیا سے متعلق اپنی ذیلی کمیٹی کو پاکستان میں جمہوریت کے مستقبل سے متعلق آج ہونے والی سماعت کی ذمہ داری سونپی ہے۔

آج ہونے والی سماعت میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد پاکستان اور امریکا کے تعلقات پر بھی غور کیا جائے گا۔

جنوبی و وسطی ایشیائی امور کے اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ ڈونلڈ لو اِس سماعت کے واحد گواہ ہوں گے۔

سائفر تنازع میں ڈونلڈ لو کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے سبب ان کی گواہی اہمیت رکھتی ہے۔

بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا الزام ہے کہ ڈونلڈ لو نے مارچ 2022 میں واشنگٹن میں اس وقت کے پاکستانی سفیر اسد مجید خان سے ملاقات کے دوران پی ٹی آئی حکومت کو غیرمستحکم کرنے کی دھمکی دی تھی۔