(ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حملہ آوروں کے خلاف بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم کے بہادر بیٹے دہشت گردوں کے خلاف اپنی جانوں کے قیمتی نذرانے دے کر ارض پاک کا تحفظ کر رہے ہیں ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے جس بہادری اور بروقت کارروائی سے حملہ ناکام بنایا اور حملہ آوروں کو ہلاک کیا، وہ قابل تحسین ہے ، گوادر، بلوچستان کے امن کو نشانہ بنانے والے پاکستان اور اس کے عوام کی معاشی ترقی اور مہنگائی سے نجات کے عمل کو متاثر کرنا چاہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی حمایت سے پاکستان کے خلاف تمام اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنائیں گے ، مادر وطن کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لئے شجاعت و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے قوم کے بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی مسلح افواج، پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے، وزیراعظم کی شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔