کالعدم ٹی ایل پی کے 699 رہا ٗ سعد رضوی شامل نہیں

کالعدم ٹی ایل پی کے 699 رہا ٗ سعد رضوی شامل نہیں

اسلام آباد ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر  داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مذہبی جماعت کے احتجاج کے دوران 30گاڑیاں جلائی گئیں، کالعدم قرار دی گئی تنظیم نے 30 دن میں اپنا جواب جمع کروانا ہے، ایک کمیٹی بنے گی جو کیس کا فیصلہ کرے گی، 12 لوگ جو تحریک لبیک کی قید میں تھے وہ 19 اپریل کی رات کو رہا کروا لئے گئے تھے، رہائی پانے والوں میں سے زیادہ کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے، سعد رضوی سمیت 210  افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو  قانونی طریقہ کار سے گزریں گے ۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ایل پی نے کسی کی رہائی کی بات نہیں ٗ ہم نے صرف فورتھ شیڈول اور ایم پی او کے لوگوں کو چھوڑا ہے ٗ سعد رضوی صاحب 302اور 78A کے تحت گرفتار ہیں اس لئے ان کی رہائی نہیں ہو رہی ٗ ہم پاکستان میں بہت بڑی پالیسی لانے جا رہے ہیں ٗ محرم الحرام ٗ عید میلاد النبی ٗ مسجدوں کے خطاب ٗرجسٹریشن ٗ ان ساری چیزوں پر وزارت داخلہ ایک پالیسی لا رہی ہے جس کے تحت پاکستان میں دہشت گرد عناصرپر سخت شکنجہ ڈالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسا قانون لانا چاہتے ہیں کہ کسی کے فرقے کو چھیڑا نہ جائے اور اپنے فرقے کو چھوڑا نہ جائے ٗ ابھی تک تحریک لبیک کے پاس تیس دن ہیں ٗ ہم ایک کمیٹی بنائیں گے جس میں ان کو بھی شنوائی کا حق ہے ٗ قانون کہتا ہے کہ ان کے پاس اپیل کرنے کیلئے تیس دن کا حق ہے ٗ کوشش سب طرف سے بہت ہوئی ۔ سات سات ٗ نو نو گھنٹے تک مذاکرات ہوئے جو کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔

شیخ رشید نے کہا کہ جو پولیس والے فوت ہوئے ہیں ان کو شہید پیکج دے رہے ہیں اور سپیشل پیکج بھی دے رہے ہیں اور جو پولیس والے زخمی ہوئے ہیں ۔CC1 اور CC2 کے ان کے سرٹیفکیٹ دے رہے ہیں ٗ ان کو نقد انعام بھی دے رہے ہیں۔ چار کروڑ روپے انعام کے طور پر دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس لڑائی میں سب سے بڑا ہتھیار سوشل میڈیا کا استعمال تھا ٗ پاکستان کے حساس ادارے بھی سوشل میڈیا کے اس کردار پر غور و فکر کر رہے ہیں جو انڈیا ٗ امریکہ ٗ کوریا اور دیگر ممالک سے پاکستان کیخلاف لانچ ہوئے ٗ لا کھوں کی تعداد میں انڈیا سے بھی لانچ ہوئے ٗاس کا مقصد پاکستان کے استحکام کو تباہ کرنا ہے ٗ الحمد اللہ پاکستان میں پولیس اور رینجرز نے کام کیا اور پاکستان کی عظیم فوج ہمارے شان بشانہ کھڑی تھی۔

Watch Live Public News