اسلام آباد (پبلک نیوز) صدر عارف علوی کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے متعلق اجلاس ہوا جس میں چئیرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی شرکت۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق اور اعلی حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز جنوری 2023 تک پارلیمنٹ کے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو نافذ کریں۔ سائبر صلاحیتوں کی حامل پارلیمنٹ سے حکومتی کارکردگی اورشفافیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ پارلیمنٹ ہاؤس کو سائبر صلاحیت سے لیس کرنے کے پروجیکٹ کا پی سی ون تیار کر لیا گیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ سائبر صلاحیت کی حامل پارلیمنٹ منصوبے کو مقررہ وقت میں پورا کرنے کی ضرورت ہے۔ اہم منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز مربوط انداز میں کام کریں۔ ڈیجیٹل پارلیمنٹ کے پی سی 1 کی بروقت تشکیل پر وزارت آئی ٹی تعریف کی مستحق ہے۔
چئیرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی نے صدر مملکت کے سائبر پارلیمنٹ منصوبے کو سراہا۔ چئیرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی نے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔