سوشل میڈیا مہم کیس: میشا شفیع کی حاضری معافی کی درخواست مسترد

سوشل میڈیا مہم کیس: میشا شفیع کی حاضری معافی کی درخواست مسترد
لاہور: (ویب ڈیسک) عدالت نے گلوکار علی ظفر کیخلاف سوشل میڈیا مہم کیس میں گلوکارہ میشا شفیع کی مستقل حاضری معافی کی درخواست مسترد کردی ہے۔ اس کے علاوہ عدالت کی جانب سے گلوکارہ میشا شفیع کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا فیصلہ بھی برقرار رکھا گیا ہے۔ سوشل میڈیا مہم کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے کی۔ کیس کی سماعت کے دوران دونوں فریقوں کے وکلا نے اپنے اپنے دلائل مکمل کئے۔ خیال رہے کہ میشا شفیع مستقل طور پر حاضری سے استثنیٰ قرار دینے کی درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ گلوکارہ بیرون ملک ہیں، اس لئے انہیں عدالت کے روبرو حاضر ہونے سے معاف کیا جائے جبکہ ان کی جگہ پلیڈر کو مقرر کرنیکی اجازت دی جائے۔ تاہم لاہور کی مقامی عدالت نے گلوکارہ میشا شفیع کی یہ درخواست ناصرف مسترد کی بلکہ ان قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے احکامات کو بھی جاری رکھا۔ عدالت نے ان کو ضمانتی مچلکوں کے ساتھ 19 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔ عدالت نے گذشتہ سماعت کے دوران میشا شفیع کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انھیں ضمانتی مچلکوں کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ گذشتہ سماعت کے دوران لینا غنی، علی گل، فریحہ ایوب، حسیم الزمان، فیضان رضا اور عفت عمر نے اپنی اپنی حاضری مکمل کروائی تھی۔ یاد رہے کہ جنوری میں بھی میشا شفیع عدالت میں پیش نہیں ہوئی تھیں، اس کا نوٹس لیتے ہوئے عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ گلوکار علی ظفر کیخلاف تمام ملزموں کی جانب سے سوشل میڈیا مہم چلانے کے کیس کا فیصلہ عدالت نے 24 دسمبر 2021ء کو محفوظ کیا تھا، جو ممکنہ طور پر مارچ میں سنایا جائے گا۔ دوسری جانب عدالت نے گذشتہ سماعت کا تحریری حکم بھی جاری کر دیا ہے۔ عدالت کے فیصلے میں میشا شفیع کے خلاف سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ عدالتی کاررواٸی کا مذاق اڑا رہی ہیں۔ میشا شفیع اور ماہم جاوید عدالت سے آنکھ مچولی کھیل رہی ہیں۔ فیصلے میں کہا گیا ہے جی عدالت نے سمن جاری کیے، قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے لیکن وہ پیش نہ ہوٸیں۔ عدالت نے علی گل پیر اور لینا غنی کی بریت کی درخواستیں مسترد کر دیں جبکہ عفت عمر کی ایک دن کی حاضری معافی کی درخواست بھی مسترد کر دی تھی۔ https://twitter.com/AliZafarsays/status/1495670334166548485?s=20&t=qqix17DOgAZ-WfsvoK8_oQ اس عدالتی فیصلے پر گلوکار علی ظفر نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ہم سوشل میڈیا پر پھیلی ہوئی غلط معلومات، جھوٹ یا اصل سچائی پر یقین کرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

Watch Live Public News