انڈیا کی ایک اور مسلمان اداکارہ نے شوبز انڈسٹری چھوڑ دی

انڈیا کی ایک اور مسلمان اداکارہ نے شوبز انڈسٹری چھوڑ دی
ممبئی: (ویب ڈیسک) گزشتہ سالوں میں کئی اداکاراؤں نے شوبز کو خیرباد کہہ کر مذہب کا راستہ اختیار کیا ہے۔ اس فہرست میں زائرہ وسیم اور ثنا خان کا نام بھی سامنے آیا۔ تاہم حال ہی میں ایک اور اداکارہ نے تاحیات حجاب پہننے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیل کے مطابق زائرہ وسیم اور ثنا خان کے بعد اب ایک اور اداکارہ نے گلیمر انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ اس اداکارہ نے سب کچھ چھوڑ کر حجاب میں رہنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی زندگی اللہ کی عبادت میں وقف کرنا چاہتی ہوں۔ انڈین اداکارہ مہجبی صدیقی نے یہ اطلاع اپنے انسٹاگرام پر سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے دی۔ اس نے بتایا کہ وہ گذشتہ دو سال سے اس بات کو لے کر پریشان تھیں۔ خیال رہے کہ مہجبی صدیقی کو انڈین ریلیٹی شو 'بگ باس 11' سے شہرت حاصل ہوئی تھی۔ اب مہجبی صدیقی نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ وہ ہمیشہ حجاب میں رہیں گی۔ مہجبی صدیقی نے انسٹاگرام پر ایک لمبی چوڑی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنا نکتہ پیش کیا اور کہا کہ اب وہ اللہ کے راستے پر چلنا چاہیں گی۔ بگ باس سٹار نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ گذشتہ ایک سال سے ثنا خان کی پیروی کر رہی ہیں اور ان سے متاثر ہو کر ہی اللہ کے راستے پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'میں یہ اس لئے لکھ رہی ہوں کیونکہ میں 2 سال سے بہت پریشان تھی۔ مجھے سمجھ نہیں آرہی تھی کہ کیا کروں تاکہ مجھے سکون ملے'۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ' انسان جب گناہ کرتا ہے تو اس کی لذت تو تھوڑی دیر میں ختم ہو جاتی ہے لیکن گناہ قیامت تک باقی رہتا ہے۔ میں نے محسوس کیا کہ میں اپنی اصل زندگی کو بھلا کر میں دنیا کو دکھاوے والی زندگی کو جی رہی تھی'۔
اداکارہ نے لکھا کہ ' اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کرنے والے انسان کو کبھی سکون نصیب نہیں ہو سکتا۔ آپ چاہے لوگوں کو خوش کرنے کیلئے کتنا بھی اچھا کر لو، کتنا بھی وقت دیدیو لیکن لوگ آپ کی کبھی قدر نہیں کرینگے۔' اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'اس لئے بہتر ہے کہ آپ اپنا وقت اللہ کو راضی اور خوش کرنے میں لگائیں۔ جسے میری اور آپ کی آخرت بہتر ہو جائے۔ میں ثناء خاب بہن کو گذشتہ ایک سال سے فالو کر رہی تھی۔ مجھے ان کی باتیں بہت اچھی لگتی تھیں۔ مہجبی صدیقی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ گلیمر کی دنیا کو خیرباد کہہ رہی ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اس سے قبل ثناء خان اور زائرہ وسیم بھی اسی طرح گلیمر کی دنیا سے دوری بنا چکی تھیں۔ ان دنوں مسلم خواتین کے حجاب پہننے کا مسئلہ انڈیا میں ہر طرف چھایا ہوا ہے۔ اس پر سب کی رائے مختلف ہے اور اسی درمیان مہجبی صدیقی کی پوسٹ لوگوں میں آگ کی طرح وائرل ہونے لگی ہے۔

Watch Live Public News