اسلام آباد: نیب نے توشہ خانہ کیس میں بشری ٰ بی بی ، شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کو طلب کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کو نیب نے طلب کر لیا۔ نیب نے توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کے لیے ٹیم دبئی بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کرنے والی نیب ٹیم جلد متحدہ عرب امارات روانہ ہوگی۔ اس سے قبل نیب راولپنڈی کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان کو نوٹس جاری کیا گیا تھا۔نوٹس کے مطابق نیب نے عمران خان کو 9 مارچ کو طلب کیا ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان پر اختیارات کا غلط استعمال اور توشہ خانہ کے تحائف بیچنے کا الزام ہے۔ نیب کی جانب سے عمران خان کو ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ نیب نے 8 نومبر 2022 کو عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں تحقیقات شروع کیں تھیں۔