ویب ڈیسک: کینیڈا نے امریکا کو اوور ٹائم میں شکست دے کر پہلا 4 نیشنز فیس آف ہاکی ٹائٹل جیت لیا،، بوسٹن کے ٹی ڈی گارڈن ایرینا میں سنسنی خیز فائنل کے دوران کینیڈا نے امریکا کو 2-3 سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔
مقابلہ اپنے مقررہ وقت میں برابر رہا، لیکن کونر میک ڈیوڈ کے شاندار اوور ٹائم گول نے کینیڈا کوتاریخی فتح دلائی۔ فتح کے بعد میک ڈیوڈ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ اولمپک گولڈ میڈل نہیں، لیکن اس جیت کی ہمارے لیے بہت اہمیت ہے۔ یہ لمحہ ہمارے لیے بہت خاص ہے۔
چیمپئن شپ میچ سے قبل، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے امریکی کھلاڑیوں کو فون پر حوصلہ دیا اور ساتھ ہی کینیڈا پر طنزیہ وار بھی کر دیا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم " ٹروتھ سوشل" پر لکھا کہ وہ امریکی ٹیم سے رابطہ کریں گے تاکہ انہیں کینیڈا کے خلاف جیت کے لیے مزید حوصلہ دیا جا سکے۔
لیکن اصل دھماکا تو تب ہوا جب انہوں نے مزید کہا کہ کم ٹیکس اور زیادہ مضبوط سیکیورٹی کی بدولت " کینیڈا شاید جلد ہی امریکا کی 51ویں ریاست بن جائے گا۔
ٹرمپ نے مزید کہا، "میں آج رات واشنگٹن ڈی سی میں گورنرز سے خطاب کروں گا، اس لیے بدقسمتی سے میچ میں شریک نہیں ہو سکوں گا لیکن ہم سب یہ میچ ضرور دیکھیں گے اگر گورنر ٹروڈو بھی ہمارے ساتھ شامل ہونا چاہیں، تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔ یہ پہلا موقع نہیں جب ٹرمپ نے کینیڈین وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو پر طنز کیا ہو۔
جسٹن ٹروڈو کا کرارا جواب:
تاہم جیت کے بعد جسٹن ٹروڈو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کرارا جواب دیا۔ اپنے بیان میں کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ تم ہمارا ملک نہیں چیھن سکتے نہ ہی ہمارا کھیل ہم سے چھین سکتے ہو۔