ویب ڈیسک:بالی ووڈ اسٹار نرگس فخری کی حال ہی میں خفیہ شادی کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کے بعد وہ ایک بار پھر خبروں میں ہیں، سوشل میڈیا پر افواہیں سرگرم ہیں کہ اداکارہ نرگس فخری نے گزشتہ ہفتے خاموشی سے شادی کر لی ہے۔
حال ہی میں ایک سوشل میڈیا ویب سائٹ ریڈٹ پر صارف نے نرگس فخری کی خفیہ شادی کی تصاویر شیئر کیں، جو ان کے قریبی رشتہ داروں نے انسٹاگرام پر پوسٹ کی تھیں۔
پہلی تصویر میں ایک بڑا سفید کیک نظر آ رہا ہے، جس پر سفید پھولوں کی سجاوٹ کی گئی تھی، کیک کے اوپر دلہن اور دلہا کے نام کے ابتدائی حروف لکھے ہوئے تھے۔
ایک اور تصویر میں نرگس اور ٹونی کی شادی کے داخلی دروازے کی سجاوٹ دکھائی گئی، جہاں ان کی تقریب کا ایک خوبصورت سائن بورڈ موجود تھا۔
اس بورڈ پر جوڑے کے نام "نرگس اور ٹونی" واضح طور پر لکھے ہوئے تھے، رپورٹس کے مطابق نرگس اور ٹونی نے لاس اینجلس کے بیورلی ہلز میں فور سیزنز ہوٹل میں شادی کی۔
اطلاعات کے مطابق، ٹونی بیگ لاس اینجلس میں مقیم ہیں، شادی کے بعد نرگس نے سوئٹزرلینڈ میں اپنی چھٹیاں گزارنے کی جھلکیاں شیئر کیں، جو ان کے ہنی مون کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔
ایک تصویر میں نرگس کو سفید سوئم سوٹ میں پول کے اندر دیکھا جا سکتا ہے، اسی مقام سے ٹونی کی تصویر بھی سامنے آئی، جس سے یہ واضح ہو گیا کہ یہ جوڑا واقعی شادی کے بندھن میں بندھ چکا ہے۔
اسی سال کے شروع میں، نرگس نے دبئی میں ٹونی بیگ کے ساتھ نیا سال منایا تھا، حیرت کی بات یہ ہے کہ ان کے سابقہ دوست، ادے چوپڑا بھی اس تقریب میں موجود تھےاور ان تصاویر نے سب کو حیران کر دیا تھا۔
ٹونی نے خود ان لمحات کی تصاویر شیئر کی تھیں، ایک تصویر میں وہ نرگس کو اپنے قریب رکھتے ہوئے دوستوں کے ساتھ پوز دیتے نظر آئے تھے۔