امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی روپے کی تنزلی بدستور جاری ہے۔ آج انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 227 روپے کا ہو گیا۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز ڈالر 224 روپے 92 پیسے پر بند ہوا تھا۔ آج کاروبار کے آغاز ہوا تو صبح تقریباً 11 بجے پاکستانی روپے کی ویلیو میں 2 روپے 8 پیسے تک گراوٹ دیکھی گئی، جس کے بعد ڈالر 227 روپے پر ٹریڈ ہونے لگا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی امریکی ڈالر 2 روپے 93 پیسے کے اضافے کے بعد 224 روپے 92 پیسے پر بند ہوا تھا۔ معاشی ماہرین ڈالر کی قدر میں اضافے کو ملک میں سیاسی بحران کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔ تاہم دیگر ممالک میں بھی امریکی کرنسی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پاکستان میں سیاسی افراتفری سے سرمایہ کاروں کا اعتماد شدید متاثر ہوا ہے۔ امپورٹرز غیر ضروری طور پر ڈالر کی خریداری کر رہے ہیں جس سے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی ڈیمانڈ بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکس چینج میں بھی بزنس کا منفی رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ ہنڈرڈ انڈیکس 330 پوائنٹس کم ہو کر 40129 پر ٹریڈ کر رہا ہے۔