ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی مزید تفصیلات منظرعام پر آگئیں

ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی مزید تفصیلات منظرعام پر آگئیں
کیپشن: ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی مزید تفصیلات منظرعام پر آگئیں

ویب ڈیسک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود اس واقعے کی تفصیلات منظر عام پر آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک نئی امریکی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والے مسلح شخص نے فائرنگ سے قبل ایک ڈرون طیارہ بھی اڑایا تھا۔

اس معاملے پر متعلقہ قانون نافذ کرنے والے ذمے داران کے مطابق حملہ آور تھومس میتھیو کروکس نے ٹرمپ کے خطاب سے تھوڑا وقت پہلے ڈرون کیمرے کے ذریعے پنسلوینیا کے مغرب میں ایک مقام کے فضائی مناظر بھی حاصل کیے تھے۔

وال اسٹریٹ جرنل اخبار کے مطابق ان ذمے داران نے زور دیا کہ یہ نتیجہ ممکنہ طور پر قاتلانہ حملے سے پہلے سیکیورٹی کے حیران کن سقم پر زیادہ بہتر طور سے روشنی ڈالے گا۔ مزید یہ کہ کروکس نے محل وقوع کا جائزہ لینے کے لیے ایک سے زیادہ مرتبہ ڈرون طیارہ اڑایا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے میلوکی میں ریپبلکن پارٹی کے کنونشن کے آخری روز خطاب میں انکشاف کیا تھا کہ حملہ آور کی چلائی ہوئی گولی ان سے محض چوتھائی انچ کی دوری پر تھی۔

یاد رہے کہ سابق صدر 13 جولائی کو پنسلوینیا ریاست میں ایک انتخابی اجتماع میں قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے۔ ان پر تقریبا 150 میٹر کی دوری سے گولیاں چلائی گئی تھیں۔ ایک گولی ان کے کان کو چھو کر گزر گئی۔

ایف بی آئی نے گزشتہ اتوار کے روز بتایا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو نشانہ بنانے والے حملہ آور کا نام تھومس میتھیو کروکس تھا اور اس کی عمر 20 سال تھی۔

تھومس نے ایک گودام کی چھت سے گولیاں چلائی تھیں جس کے بعد سیکرٹ سروس کے اہل کاروں نے فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔

Watch Live Public News