سعودی عرب میں نماز کے اوقات میں دکانیں کھلیں گی

سعودی عرب میں نماز کے اوقات میں دکانیں کھلیں گی
ریاض ( ویب ڈیسک ) سعودی عرب میں اس تجویز پر غور کیا جا رہا ہے کہ نماز کے اوقات میں تجارتی سرگرمیاں پر پابندی کو ختم کر دیا جائے اور کئی دہائیوں سے جاری اس حکم نامہ کو واپس لے لیا جائے ٗ تجارتی ادارے عوام کی خدمت کرتے ہیں اور نماز کے دوران انہیں بند کرنے سے عوام کو مشکلات ہوتی ہیں۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی شوریٰ کے ارکان عطا الثبیتی ٗ ڈاکٹر لطیفہ الشعلان ٗ ڈاکٹر فیصل الفاضل و دیگر نے مجلس شوریٰ میں یہ تجویز پیش کی ہے کہ سعودی عرب میں نماز کے موقع پر تجارتی مراکز کو بند کرنے کی پابندی معطل کر دی جائے ٗ اس حوالے سے ارکان شوریٰ نے موقف اختیار کیا ہے کہ سعودی عرب میں اوقات نماز کے دوران دکانیں ٗ پٹرول پمپ ٗ میڈیکل سٹورز و دیگر تجارتی مراکز کو بند کر دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سعودی ارکان شوریٰ کے مطابق ساری امت مسلمہ میں صرف سعودی عرب ہی وہ واحد ملک ہے جہاں پر گزشتہ کئی دہائیوں سے یہ پابندی ہے کہ نماز کے اوقات میں تمام تجارتی سرگرمیاں بند کر دی جاتی ہیں ٗ یہ تجارتی مراکز عوام کی خدمت کیلئے ہیں ٗ دیگر سرکاری اور نجی اداروں کی طرح ان کا کام بھی روزگار کا حصول ہے ٗ اس لئے یہ پابندی ختم کی جانی چاہیے۔یاد رہے کہ سعودی عرب میں نماز کے اوقات میں ساری تجارتی سرگرمیاں روک دی جاتی ہیں ٗ پٹرول پمپس ٗ دکانیں ٗ میڈیکل سٹور و دیگر تجارتی مراکز کو بند کر دیا جاتا ہے جس کے بارے میں اب سعودی عرب میں دیگر قوانین کی طرح تبدیلی لائی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News