لاہور ( پبلک نیوز) نیب نے بورڈ آف ریونیو پنجاب سے شریف خاندان کو سرکاری زمین الاٹمنٹ کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ نیب لاہور نے کہا ہے کہ آگاہ کیا جائے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف، سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کو کتنی زمین الاٹ ہوئی۔ میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف کو 1985 سے 2002 کالونی سکیم کے تحت کتنی زمین الاٹ ہوئی۔ مراسلے میں کہا گیا کہ الاٹمنٹ کس قانون کے تحت ہوئی، ریکارڈ مہیا کیا جائے۔ رجسٹر حقداران زمین اور میوٹیشن کے ریکارڈ کی کاپی مہیا کی جائے۔ شریف خاندان کو الاٹ ہونیوالی اراضی کی موجودہ کیا صورتحال ہے۔ ذرائع بورڈ آف ریونیو کے مطابق بورڈ آف ریونیو پنجاب نے شریف خاندان کو الاٹ ہونیوالی زمین کی تفصیلات جمع کرنا شروع کر دیں۔ شریف خاندان کو الاٹمنٹ کے حوالے سے ریکارڈ جلد نیب کو بھجوایا جائے گا۔