اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی احتجاجی مظاہرے اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں ضمانت میں توسیع کر دی ہے اور ان کی طبی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سنگجانی میں درج احتجاجی مظاہرے اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے پر انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں کیس کی سماعت ہوئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کیس کی سماعت کی ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے رائے تجمل حسین لاٹی عدالت میں پیش ہوئے اور یہ مؤقف اختیار کیا کہ گولیاں لگنے کی وجہ سے عمران خان شدید بیمار ہیں اس لیے پیش نہیں ہو سکے۔ عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی طبی بنیادوں پر آج کی سماعت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین کی عبوری ضمانت میں 28 نومبر تک توسیع کردی ہے۔ آئندہ سماعت پر عدالت نے عمران خان کی مکمل میڈیکل رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ بعدازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔