نیشنل ٹی 20 کی تاریخ پر ایک نظر

نیشنل ٹی 20 کی تاریخ پر ایک نظر
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کا اٹھارواں ایڈیشن 23 ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہورہا ہے۔ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ لاہورمیں ہوگا، جہاں فائنل 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔سال 2005 سے جاری ٹورنامنٹ کا یہ ایڈیشن قومی کھلاڑیوں کو آئندہ ماہ شیڈول آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاریوں میں معاونت کرے گا۔ سب سے کامیاب ٹیم: ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز ہے۔ جس نے سب سے زیادہ 6 مرتبہ (2006 میں دو مرتبہ، ایک مرتبہ 2008، 2009، 2010 اور 2011 میں) ٹورنامنٹ جیتا۔ لاہور نے پانچ مرتبہ ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔اس دوران لاہور لائنز 3مرتبہ جبکہ لاہور بلیوز اور لاہور وائٹس 1،1 مرتبہ ایونٹ کی فاتح ٹھہری۔ بقیہ پانچ ایونٹس میں پشاور پینتھرز، پشاورریجن، فیصل آباد وولفز، کراچی بلیوز اور ناردرن نے ایک ایک مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم ایونٹ کی دفاعی چیمپئن ہے، جس نے گزشتہ سال ٹورنامنٹ کے فائنل میں سدرن پنجاب کو شکست دی تھی۔ اس سے قبل پشاور ریجن کی ٹیم بھی سال 2014 اور 2015 میں یہ ایونٹ جیت چکی ہے۔ سب سے زیادہ رنز: سندھ کی نمائندگی کرنے والے خرم منظور اب تک ایونٹ کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں۔وہ اب تک ٹورنامنٹ میں 2643 رنز بناچکے ہیں۔ وہ نیشنل ٹی ٹونٹی میں چار سنچریاں بنانے والے واحد بیٹسمین بھی ہیں۔ان کے علاوہ تین بلے باز ہیں، جنہوں نے ٹورنامنٹ میں 2000 رنز بنارکھے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں کامران اکمل( 2377رنز )، شعیب ملک( 2217 رنز)اور عمر امین (2047 رنز )کے نام شامل ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ 1991 اور صہیب مقصود 1883 رنز بناچکے ہیں۔ 967 رنز بنانے والے محمد رضوان بھی اس ٹورنامنٹ میں ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے پر نظریں جمائے ہوں گے۔ سب سے زیادہ وکٹیں: عالمی ٹی ٹونٹی رینکنگ کے سابق نمبر ون باؤلر سعیداجمل نیشنل ٹی ٹونٹی کی تاریخ کے کامیاب ترین باؤلر ہیں۔ وہ مجموعی طور پر 89 وکٹیں لے کر اب تک نیشنل ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر ہیں۔ انہوں نے 2005 میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں کراچی ڈولفنز کے خلاف 3 وکٹیں حاصل کرکے فیصل آباد وولفز کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ دوسری طرف ٹورنامنٹ میں 81 وکٹیں حاصل کرنے والے وہاب ریاض اور 79 شکار کرنے والے انور علی اس ٹورنامنٹ میں سعید اجمل کا ریکارڈ توڑنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ محمد حفیظ اب تک ٹورنامنٹ میں 49 وکٹیں حاصل کرکے وہ اگر 23 ستمبر سے شروع ہونے والے ایونٹ میں ایک وکٹ حاصل کرلیتے ہیں تو وہ ایک ہزار رنز بنانے کے ساتھ ساتھ پچاس وکٹیں حاصل کرنے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔ سب سے زیادہ چھکے: گزشتہ ایڈیشن میں سدرن پنجاب کو فائنل میں رسائی دلوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے صہیب مقصود نے اس ایڈیشن میں 20 چھکے لگائے تھے۔وہ نیشنل ٹی ٹونٹی میں 91 چھکے لگاچکے ہیں۔اس فہرست میں دوسرا نمبر آصف علی کا ہے، جو اب تک 86 چھکے جڑچکے ہیں۔ تیز ترین سنچریاں: گزشتہ ایڈیشن میں سدرن پنجاب کی نمائندگی کرنے والے خوشدل شاہ نے سندھ کے خلاف 35 گیندوں پر سنچری اسکور کرکےسب کو حیران کیا۔اس سے قبل ٹورنامنٹ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ عمر اکمل کے پاس تھا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں 43 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ طویل ترین انفرادی اننگز: صرف ایک کھلاڑی ہیں جنہوں نےاس ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں 150 رنز کی اننگز کھیلی۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے ایڈیشن 2017 میں لاہور وائٹس کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے اسلام آباد ریجن کے خلاف 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ سب سے اچھی باؤلنگ: اس ٹورنامنٹ میں بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ کراچی ڈولفنز کے عرفان الدین کے پاس ہے، انہوں نے سال 2006 میں سیالکوٹ اسٹالینز کے خلاف 25 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔اس کے علاوہ سیالکوٹ اسٹالینز کے محمد آصف نے اسی سال فیصل آباد وولفز کے خلاف 11 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے شاہین شاہ آفریدی نے دو اننگز میں پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔وہاب ریاض نے بھی ایک میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ نیشنل ٹی ٹونٹی کے فاتح: فیصل آباد وولفز: 2005 سیالکوٹ سٹالینز: 2006 سیالکوٹ سٹالینز: 2006 سیالکوٹ سٹالینز: 2008 سیالکوٹ سٹالینز: 2009 سیالکوٹ سٹالینز: 2010 لاہور لائنز: 2010 سیالکوٹ سٹالینز: 2011 لاہور لائنز: 2012 لاہور لائنز: 2014 پشاور پینتھرز: 2014 پشاور: 2015 کراچی بلیوز: 2016 لاہور بلیوز: 2017 لاہور وائٹس: 2018 ناردرن: 2019 خیبرپختونخوا: 2020

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔