بشریٰ بی بی اور عمران خان 14 کروڑ کے کون سے تحائف ساتھ لے گئے؟

بشریٰ بی بی اور عمران خان 14 کروڑ کے کون سے تحائف ساتھ لے گئے؟

(اے پی پی) سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اگست 2018 سے دسمبر 2021 تک تحریک انصاف کے دور حکومت میں112قیمتی تحائف ملے جن کی مالیت 14 کروڑ 20 لاکھ 42 ہزار روپے تھی جو انہوں نے 3 کروڑ 89 لاکھ 77 ہزار روپے ریٹین ویلیو کی مد میں اونے پونے داموں توشہ خانہ سے خرید لئے یا مفت اپنے پاس رکھ لئے ۔

قومی خبر رساں ادارے “اے پی پی” کو دستیاب دستاویزات کے مطابق سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کو ملنے والے 52تحائف جن کی مالیت 8لاکھ روپے سے زائد تھی وہ بغیر ریٹین ویلیو ادا کئے ہی رکھ لیئے گئے۔

توشہ خانہ کابینہ ڈویژن کے تحت کام کرنے والا محکمہ ہے جو حکمرانوں ،آفیشلز اور اراکین پارلیمنٹ کو حکومتی سربراہان کو سربراہان ریاستوں اور بیرونی زعماء کی جانب سے خیر سگالی کے جذبے کے طور پر ملنے والے تحائف کا ریکارڈ مرتب کرتا ہے ۔ اس وقت کی حکومت نے توشہ خانہ سے متعلقہ کوئی بھی تفصیل دینے سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے اختیار کیا کہ اس سے عالمی تعلقات میں خرابی کا اندیشہ ہے ۔

دستیاب دستاویز کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کو ملنے والے تحائف میں سات قیمتی رولکس اور گراف کلائی گھڑیاں ، جیولری ،ہار ، بریسلٹ ، انگوٹھیاں ،ڈنر سیٹ ، پرفیوم سمیت دیگر قیمتی تحائف شامل تھے جو انہوں نے اونے پونے داموں خرید لئے ۔ انہیں سعودی عرب کے دورا کے موقع پر ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے ایک کلائی گھڑی (Graff) تحفہ میں ملی جس کی مالیت 8 کروڑ 50 لاکھ روپے تھی، انہیں دو کف لنکس مالیتی 56 لاکھ 70 ہزار، ایک پین 15 لاکھ، ایک رنگ 87 لاکھ روپے مالیتی تحفہ میں ملے جو انہوں نے 2 کروڑ 2 لاکھ روپے جمع کروا کر رکھ لئے۔ اس کے علاوہ رولیکس کلائی گھڑی جس کی مالیت 38 لاکھ تھی وہ انہوں نے 7 لاکھ 74 ہزار ریٹین ویلیو دے کر رکھ لی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کو اس سال ملنے والے تحائف میں مکہ کلاک ٹاور کا ماڈل، مختلف ڈیکوریشن پیس تحفے میں ملے۔ 2018 میں ہی انہیں 15 لاکھ روپے مالیت کی ایک رولیکس گھڑی تحفہ میں ملی جو انہوں نے 2 لاکھ 94 ہزار روپے ریٹین ویلیو ادا کرکے رکھ لی۔

اسی سال 9 لاکھ روپے کی ایک رولیکس جینٹس گھڑی اور 4 لاکھ روپے مالیت کی ایک رولیکس گھڑی، ایک آئی فون مالیتی 2 لاکھ 10 ہزار سمیت کپڑے، پرفیوم، بٹوہ، لیڈیز پرس بھی ملے، ان سب کی کل مالیت 17 لاکھ 23 ہزار روپے تھی جو 3 لاکھ 38 ہزار 600 روپے ادا کرکے انہوں نے رکھ لیں۔ 2019 کے دوران وزیراعظم کو مختلف ڈیکوریشن پیس، کارپٹ سمیت مختلف تحائف ملے۔ 11 اکتوبر 2019 کو انہیں گولڈ اور ڈائمنڈ کے چین کا ایک لاکٹ، کانوں میں ڈالنے والے ٹاپس کا ایک سیٹ، 3 انگوٹھیاں، 3 بریسلیٹ ملے جو انہوں نے 5 لاکھ 44 ہزار 700 روپے ریٹین ویلیو ادا کرکے خرید لئے۔

انہوں نے 2لاکھ روپے مالیت کا 2کلو عود ، ایک لاکھ 80ہزار روپے کی ایک تسبیح اور ایک لاکھ 80ہزار روپے کی عطر کی دو شیشیاں ، دو لاکھ چالیس ہزار روپے دے کر رکھ لیں ۔ نوری ٹیک کاایک لاکھ 10 ہزار روپے کا 26پیس کا ڈنر سیٹ 40 ہزار روپے ، ایک لاکھ روپے مالیت کا ایک ڈنر سیٹ اور کف لنکس 45ہزار روپے کی ادائیگی کر کے خرید لئے ۔

اسی طرح 2021میں بشریٰ بی بی کو 13لاکھ 59ہزار روپے کا ہار، 2لاکھ 75ہزار روپے کے ٹاپس ، 2لاکھ 25ہزار روپے کی انگوٹھیوں اور 40لاکھ روپے کے بریسلٹ سمیت یہ تمام اشیاء 29لاکھ 14ہزار روپے میں خرید کر رکھ لئے ، اس کے علاوہ زیتون کا تیل اور کافی اور عجوہ کھجوریں بھی توشہ خانہ سے لے گئے ۔اسی طرح انہوں نے سعودی عرب سے ملنے والی عود ووڈ ، دو بوتل عود ، کھجوریں ، شہد ، زیتون کا تیل اور کافی بھی ایک لاکھ 33ہزار 250روپے دیکر لے گئے ۔

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔