حجر اسود کو بوسہ دینے کی اجازت، سعودی انتظامیہ کی تیاریاں جاری

حجر اسود کو بوسہ دینے کی اجازت، سعودی انتظامیہ کی تیاریاں جاری
مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں عمرہ زائرین اور طواف کرنے والوں کے لیے حجر اسود کو بوسہ دینے کی اجازت کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کیلئے مخصوص ایپ کے ذریعے پرمٹ حاصل کیا جا سکے گا۔ عرب ذرائع ابلاغ نے ایوان شاہی کے حوالے سے بتایا کہ مسجد الحرام میں مکمل گنجائش کے ساتھ عمرہ زائرین اور نمازیوں کی آمد کے لیے اجازت دینے جانے کے بعد احتیاطی تدابیر کے ساتھ نرمی کی جائے گی۔ طواف کعبہ کرنے والوں کو مسجد الحرام کی بالائی منزل کے علاوہ صحن مطاف میں آنے اور حجر اسود و رکن یمانی کو بوسہ دینے کے علاوہ حجراسماعیل ( حطیم کعبہ ) کے اندر نفل نماز ادا کرنے کی بھی اجازت دی جائے گی۔ حجر اسود اور حجر اسماعیل میں نوافل کی ادائیگی کے لیے ایپ میں خصوصی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں جن کے تحت ان ہی افراد کو مذکورہ مقامات تک جانے کی اجازت ہوگی جو پرمٹ حاصل کریں گے۔ واضح رہے اس سے قبل مسجد الحرام کی انتظامیہ نے مکمل افرادی گنجائش کے تحت عمرہ زائرین اور نمازیوں کی آمد کی اجازت جاری دیدی ہے جبکہ مسجد الحرام کی بالائی منزل کو صرف طواف کے لیے بھی کھولے جانے کا کہا گیا تھا۔ کورونا وائرس کی وبا کے بعد گذشتہ برس مارچ میں احتیاطی طور پر مسجد الحرام عمرہ زائرین اور عام افراد کی آمد پر پابندی عائد تھی تاہم کورونا کی وبا کے اثرات کم ہونے پرپابندی مرحلہ وار ختم کی گئی۔ ابتدا میں مسجد الحرام میں آنے والوں کی تعداد کو محدود رکھا گیا تھا تاہم بعدازاں مکمل گنجائش کے ساتھ لوگوں کو آنے کی اجازت دی گئی۔