غلط چیزوں کو درست کرنے کا وقت آ گیا، شہباز شریف

غلط چیزوں کو درست کرنے کا وقت آ گیا، شہباز شریف
لاہور: ( پبلک نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلط چیزوں کو درست کرنے کا وقت آ گیا، قوم نظام انصاف کی جانب دیکھ رہی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ردعمل میں شہباز شریف نے لکھا کہ سابق چیف جسٹس کے سامنے آنے والے نئے آڈیو کلپ سے ظاہر ہوتا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو سیاسی عمل سے باہر رکھنے کے لئے ایک بڑے منصوبے کے تحت نشانہ بنایا گیا۔ https://twitter.com/CMShehbaz/status/1462664154087575552?s=20 تاہم سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے خود سے منسوب آڈیو کو جعلسازی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ اسے مختلف کلپ جوڑ کر بنایا گیا ہو۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں نے کسی سے ایسی کوئی بات نہیں کی، یہ سب فیبریکیٹڈ ہے۔ ۔ مجھے اس بات کا علم نہیں کہ کسی اور کی یا میری کہیں سے توڑ جوڑ کر اکھٹی کی ہوئی ہے۔ ثاقب نثار نے کہا کہ جج میرٹ پر کرتے ہیں۔ میں کیسے کہہ سکتا ہوں کہ میرٹ پر فیصلہ نہیں ہوا۔ میں نے کسی کو کبھی کوئی حکم ہی نہیں دیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کا ایک حلف نامہ سامنے آیا تھا، جس میں انھوں نے الزام عائد کیا کہ میں نے چیف جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار کو یہ کہتے سنا تھا کہ ہائیکورٹ کے اس جج کو میرا پیغام دیدیں کہ 2018ء میں عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو کسی بھی قیمت پر رہائی نہیں ملنی چاہیے۔ سابق چیف جسٹس نے اس الزام کی بھی تردید کی تھی جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس حلف نامے کو خبر بنا کر شائع کرنے پر رانا شمیم اور دیگر کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کئے تھے۔ یہ بتا بھی ذہن میں رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 11 برس، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 سال جبکہ داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس وقت سابق وزیراعظم میاں نواز شریف برطانیہ لندن میں مقیم ہیں اور انھیں عدالت نے مفرور قرار دیا ہوا ہے جبکہ ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے اس فیصلے کیخلاف اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔

Watch Live Public News