ویب ڈیسک: پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے کچے کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے پولیس کی 2 گاڑیوں پر راکٹوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 12 پولیس اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوئے تاہم اب پنجاب پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کے مرکزی ملزم بشیر شر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کردیا۔ پنجاب پولیس کے آپریشنز میں مزید 03 ڈاکو شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رات گئے جاری پولیس آپریشن میں کچے کے علاقے کا خطرناک ڈاکو بشیر شر کیفر کردار کو پہنچا، بشیر شر گزشتہ روز پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے کے مرکزی ملزمان میں شامل تھا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ رات سے جاری پولیس آپریشن میں ہلاک ڈاکو بشیر شر کے زخمی ساتھیوں کی تعداد 05 ہو گئی،زخمی ڈاکوؤں میں ثنا اللہ شر، گدا علی، کملو شر، رمضان شر اور گدی شامل ہیں، پولیس کے جوابی آپریشن میں مزید ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں،حملہ میں ملوث ڈاکوؤں کی سرکوبی کیلئے پولیس آپریشن جاری رہے گا۔
آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انورکاکہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث ڈاکوؤں کے قلع قمع کے لیے آپریشن جاری ہے، اہلکاروں پر حملے میں ملوث تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔