” الیکشن کمیشن کا ہر فیصلہ قبول ہو گا“

” الیکشن کمیشن کا ہر فیصلہ قبول ہو گا“

اسلام آباد (پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ن لیگ جو انتخاب جیتے وہ ٹھیک ہے لیکن جو ہارے وہاں دھاندلی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے آج تک کوئی انتخاب مہذب طریقے سے نہیں لڑا۔ ن لیگ نے خود 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کا مطالبہ کیا تھا اب وزیراعظم نے ن لیگ کا چیلنج قبول کیا ہے۔ ہمارے قائد کی پہچان ہے وہ کسی دباؤ میں نہیں آتے ہیں، قوم ن لیگ سے پوچھے سینیٹ کے اوپن بیلٹ کی کیوں مخالفت کر رہی ہے؟

وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ قوم مختلف روپ میں آئے ہوئے نوسربازوں کو پہچانیں، جھوٹ کی بنیاد پر باتیں کرنے والے دوبارہ الیکشن ہونے پر بھی ہار جائیں گے۔   این اے 75 کے حوالے سے فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، الیکشن کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا ہمیں قبول ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ انہوں نے این اے 75 میں ری پولنگ کے لئے پارٹی امیدوار کو اپوزیشن کا چیلنج قبول کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیر اعظم پاکستان نے ٹویٹ کیا کہ ہم نے ہمیشہ شفاف اور آزادانہ الیکشن کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسکہ سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسجد ملہی کو 20  پولنگ سٹیشنز میں ری پولنگ کی درخواست دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ایسا اس لئے کیا کہ ہم وہی شفافیت چاہتے ہیں جس کے حصول کیلئے ہم سینٹ انتخابات میں "اوپن بیلٹ" کا تقاضا کررہے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔