لاہور سمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں بارش، نشیبی علاقے زیرآب

لاہور سمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں بارش، نشیبی علاقے زیرآب
کیپشن: لاہور سمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں بارش، نشیبی علاقے زیرآب

ویب ڈیسک: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش جاری ہےجس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں جبکہ لاہورکے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں علی الصبح بارش کے بعد شہریوں کے گرمی سے مرجھائے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شالیمار، گڑھی شاہو، مال روڈ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، ساندہ، اسلامپورہ و گردو نواح میں بادل برسے، بارش کے دوران لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔

لاہور کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم، مریدکے، گوجرانوالہ، اٹک، وزیر آباد سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بھی ہلکی اور تیز بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

کراچی

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں مطلع ابر آلود ہے، سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا، شہر میں آج بھی کہیں کہیں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔شہر میں مغربی سمت سے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا مزید کہنا ہے کہ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، شدت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارشوں کے اعداد وشمار جاری
آج صبح سویرے کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارشوں کے اعداد وشمار جاری کردیے۔کراچی کے علاقے کورنگی میں سب سے زیادہ 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ گڈاپ اور قائد آباد میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جناح ٹرمینل ، فیصل بیس، کیماڑی ، میٹ کمپلیکس میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ نارتھ کراچی ، سرجانی ، گلشن معمار ، ملیر ہالٹ میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی، بدین، لاہور، اسلام آباد، مری، آزاد کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی۔

این ڈی ایم اے

این ڈی ایم اے نے بارش کی وجہ سے اگلے تین دن کے دوران پنجاب کے اضلاع نارووال اور سیالکوٹ میں ہائی لیول فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جموں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث نارووال اور سیالکوٹ کے ندی نالوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق نالہ ایک، دائیک اور پلکھو میں شدید طغیانی سے ملحقہ علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، فلیش فلڈنگ سے ذرائع آمدو رفت میں خلل، عمارتوں، فصلوں اور مویشوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ خطرے سے دو چار آبادی کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔

پنجاب بھر میں 25 جولائی تک بارشوں کا سپیل جاری رہنے کا امکان
 ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ 25 جولائی تک لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سپیل جاری رہے گا، صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کے امکانات ہیں، 23 سے 24 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور تیز بارشیں متوقع ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ بارشوں سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ہوگی، بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کئے جائیں، طوفان سے بجلی کے کھمبوں، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد ازجلد یقینی بنایا جائے، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، عوام الناس سے التماس ہے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

Watch Live Public News