'کالعدم ٹی ٹی پی کو قانون اور آئین کے نیچے آنا ہوگا'

'کالعدم ٹی ٹی پی کو قانون اور آئین کے نیچے آنا ہوگا'
اسلام آباد: وزیرداخلہ راناثنااللہ نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو قانون اور آئین کے نیچے آنا ہوگا، ٹی ٹی پی کے گرفتار ساتھیوں کی رہائی پر کوئی بات نہیں ہوگی۔ نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومتی اور اتحادی پارٹیاں چاہتی ہیں ٹی ٹی پی سے بات ہونی چاہیے،آصف زرداری کا بھی موقف تھاکہ ٹی ٹی پی سے بات ہونی چاہیے۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ چاہتے ہیں ٹی ٹی پی سے جو بھی بات ہو آئین کے مطابق ہو،کسی ایسے مطالبے پر بات نہیں ہونی چاہیے جو ماورائے آئین ہو، جب بات چیت نتیجے کے قریب ہو تو پارلیمنٹ میں لائی جانی چاہیے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو قانون اور آئین کے نیچے آنا ہوگا،ٹی ٹی پی کے گرفتار ساتھیوں کی رہائی پر کوئی بات نہیں ہوگی،فاٹا کودوبارہ الگ کرنے اورفوج واپس بلانے پربھی بات نہیں ہوگی،اے پی ایس میں ملوث افراد کو معاف کرنے سے معاشرہ متاثرہوگا، معاملات کےطے ہونے تک جنگ بندی مؤثر رہے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عسکری اور سیاسی قیادت کا فیصلہ ہے کہ ہتھیارلانے کی اجازت نہیں ہے، عسکری قیادت نے یقین دلایا کہ ٹی ٹی پی کو ساٹ آؤٹ کر سکتے ہیں۔ ٹی ٹی پی کے پیچھے ایسی قوتیں ہیں جو پاکستان میں امن نہیں دیکھنا چاہتیں۔ رانا ثنااللہ نے انٹرویو میں کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرے کی کوئی اطلاع نہیں ہے، تحریک انصاف تھریٹ کی تفصیلات آئی جی اسلام آباد اور چیف جسٹس کو دے دیں، بڑے لیڈر کو حادثہ پیش آنے سے پورے ملک کو نقصان ہوتا ہے۔ بابراعوان نے کہا کہ بنی گالہ میں مشکوک لوگوں کو گھومتے دیکھا، جب ہم نے چیک کیا تو ایسا کچھ بھی نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ بنی گالہ میں گلگت بلتستان، خیبر پختون خوا اور اسلام آباد پولیس موجود ہے، عمران خان نے مسلح جتھوں کے ساتھ اسلام آباد پر چڑھائی کی، ان کے خلاف مقدمہ چلنا چاہیے اور انہیں گرفتار کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان اس مرتبہ اٹک پل کراس کر کے دکھائیں، اس مرتبہ ہم نے تجربہ کار اور انجینئر لوگوں سے مشاورت کی ہے، عمران خان نے لانگ مارچ کیا تو اسلام آباد میں داخل نہیں ہو سکتے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔