ویب ڈیسک: (سلیمان چودھری) گزشتہ 5 روز سے ہڑتال پر بیٹھے ڈاکٹروں کیلئے بری خبر آگئی۔ پنجاب حکومت نے کسی بھی قسم کی دھمکی میں نہ آنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اہم تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال سے ڈاکٹروں کی گرفتاری پر ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے۔ محکمہ صحت نے ڈاکٹروں کی ملازمت سے استعفی دینے کی دھمکیوں میں نہ آنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے ڈاکٹروں کی ہڑتال کو ناکام بنانے کیلئے ہسپتالوں کی انتظامیہ کو متبادل انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ اس کے علاوہ شام تک ٹیچنگ ہسپتالوں سے اوپی ڈی کے ڈاکٹروں کے ڈیوٹی روسٹر بھی مانگ لیے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے اوپی ڈی میں آنے والے مریضوں کو انتہائی خواری ہورہی ہے۔ جس کے بعد اب حکومت نے ڈاکٹروں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔