انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 47 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 174.77 سے کم ہو کر 174.30 روپے پر بند ہوا ہے۔ ڈالر کی قدر میں کمی کی وجہ آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات کو قرار دیا گیا ہے.
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آج سرمایہ کاری کا مسلسل دوسرا منفی دن رہا، دو دن میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 229 ارب روپے گھٹ گئی ہے۔کاروباری دن میں 100 انڈیکس کی زیادہ سے زیادہ گراوٹ 863 پوائنٹس رہی۔ البتہ کاروبار کا اختتام 796 پوائنٹس کمی سے 44 ہزار 948 پر کیا ہے۔دو دن میں انڈیکس کی گراوٹ 15 سو 40 پوائنٹس ہے۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن آج 124 ارب روپے کم ہوکر 7 ہزار 715 ارب روپے ہے۔