راولپنڈی : آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مشرقی پاکستان کاعلیحدہ ہونا فوجی نہیں سیاسی ناکامی تھا۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع و شہدا کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ لڑنے والے فوجیوں کی تعداد 92 نہیں صرف 34 ہزار تھی، ان کا مقابلہ ڈھائی لاکھ انڈین آرمی، دو لاکھ تربیت یافتہ مکتی باہنی سے تھا۔ آرمی چیف نے کہا کہ اس کے باوجود ہماری فوج بہت بہادری سے لڑی اور بے مثال قربانیاں پیش کیں، ہماری بہادری کا اعتراف خود سابق بھارتی آرمی چیف فیلڈ مارشل مانک شاہ نے بھی کیا۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع اور شہدا کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں حاضر سروس اور ریٹائر فوجی افسران نے شرکت کی۔اس کے علاوہ تقریب میں شہدا کے لواحقین اور غازیوں نے بھی شرکت کی۔