اسرائیلی فورسز نے الشفا ء ہسپتال کے ڈائریکٹر کو جنوبی غزہ جاتے ہوئے گرفتار کر لیا ۔ غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ الشفاء ہسپتال کے ڈائریکٹر ابو سلمیہ دیگر طبی عملے کے ساتھ شمالی غزہ کی پٹی سے جنوب کی طرف جا رہے تھے جب انہیں اسرائیلی فورسز نے گرفتار کر لیا۔ اسرائیلی نشریاتی ادارے کان کے مطابق ان کی گرفتاری کے بعد انٹیلی جنس سروس شن بیٹ نے ان سے پوچھ گچھ کی۔ حماس نے الشفا ہسپتال کے ڈائریکٹر اور طبی عملے کی اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کی فوری رہائی کے لیے کام کریں۔ حماس نے بیان میں کہا کہ "ہم اسے ایک قابل نفرت فعل سمجھتے ہیں جو صرف ایک ایسی ہستی کی طرف سے ہوتا ہے جس میں انسانیت اور اخلاقیات کا فقدان ہے، اس کے علاوہ یہ ایک جرم اور بین الاقوامی کنونشنز کی کھلی خلاف ورزی ہے۔"