بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن میں اب تک پونے 8 ارب روپے ریکور کیے جا چکے ہیں۔ 2 ہزار 301 بجلی چور گرفتار کر لیے گئے جبکہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں لیسکو سب سے آگے ہے، لیسکو ریجن میں 2 ارب روپے سے زائد رقم ریکور کی گئی. تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف گذشتہ 15 دن سے آپریشن جاری ہے، سیکرٹری پاور ڈویژن کے مطابق اب تک بجلی چوروں سے ریکوری پونے 8 ارب روپے سے تجاوز کر دی گئی ہے۔ بجلی چوروں پر 15 ہزار 47 مقدمات درج ہوئے، 2 ہزار 301 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا ہے اور اب تک 7 ارب 88 کروڑ روپے ریکور کیے جا چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں اب تک لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی کارکردگی بہترین رہی ہے۔ لیسکو ریجن میں 5 ہزار 878 مقدمات درج کئے گئےجبکہ 471 گرفتاریاں اور 2 ارب روپے سے زائد رقم ریکور کی گئی۔دوسرا نمبر گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کا ہے جہاں 32 کروڑ سے زیادہ کی ریکوری کی گئی ہے. فیسکو ریجن میں مجموعی طور پر 294 بجلی چور گرفتار کیے گئے، اب تک 34 کروڑ روپے ریکور کیے جا چکے ہیں۔ چوتھے نمبر پر ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی ہے کہ جس میں میپکو ریجن میں 3 ہزار 889 مقدمات میں 689 افراد کو گرفتار کیا گیا اور ایک ارب روپے سے زیادہ کی ریکوری بھی کی گئی ہے۔