24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 59 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق

24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 59 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق
لاہور:گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 59 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ علی جان خان سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق جنوری سے اب تک پنجاب کے کل 36 اضلاع میں ڈینگی 802 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔ رواں سال کے دوران پنجاب کا کوئی بھی شہری ڈینگی کی وجہ سے جاں بحق نہیں ہوا۔ اس سال کے شروع سے اب تک ضلع لاہور میں ڈینگی کے 266 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے، گذشتہ روز 27 نئے مریض سامنے آئے۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے کہا کہ رواں سال ملتان میں کل 127 ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے، گذشتہ روز چار نئے مریض سامنے آئے، اس سال کے دوران روالپنڈی میں ڈینگی کے کل 124 مریض رپورٹ ہوئے، گذشتہ روز 8 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ فیصل آباد میں رواں سال کے دوران ڈینگی کے 70 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے، گذشتہ روز 9 نئے مریض سامنے آئے۔ علی جان خان نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران گوجرانولہ میں تین اور اوکاڑہ میں ڈینگی کے دو نئے مریض سامنے آ ئے، شیخوپورہ، نارووال ، اٹک ،لیہ، خانیوال اور بھکر میں بھی ایک،ایک نیا مریض سامنے آیا۔پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 70 مریض زیر علاج ہیں جن کی حالت تسلی بخش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 40 مریض زیر علاج ہیں ۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لئے 2678 بیڈ مختص کئے گئے ہیں۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کے مطابق پنجاب کے ہسپتالوں میں 50 بیڈز ڈینگی مریضوں کے زیر استعمال ہیں ۔ علی جان خان کا کہنا تھا کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔ سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔ ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔