الخدمت فاؤنڈیشن کیجانب سےمستحق مسیحی خاندانوں میں کرسمس تحائف ، راشن تقسیم

الخدمت فاؤنڈیشن کیجانب سےمستحق مسیحی خاندانوں میں کرسمس تحائف ، راشن تقسیم
لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں کرسمس تقریبات کا انعقاد کیا گیا،جس میں نادار اور مستحق افراد میں کرسمس تحائف، ونٹر پیکج اور راشن تقسیم کیا گیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت لاہور میں 1500 نادار اور مستحق مسیحی خاندانوں میں کرسمس تحائف اور راشن پیکس تقسیم کیے گئے،تقریب کا مقصد نادار مسیحی خاندانوں کی خوشیوں میں شریک ہونا، انہیں تحفظ کا احساس دلانا اور معاشرے میں بین المذاہب یکجہتی اور مثبت روایات کو فروغ دینا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ خوشیاں منانا ہر انسان کا بنیادی حق ہے، من حیث القوم ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ایسے افراد کا خیال رکھیں جن کی خوشیاں وسائل نا ہونے کے باعث مانند پڑ جاتی ہیں۔ الخدمت جس طرح عیدین کے مواقع پر مستحق اور نادار افراد میں عید تحائف تقسیم کرتی ہے، بالکل اسی طرح دیوالی اور کرسمس کے موقع پر بھی تحائف تقسیم کا کام کیا جاتا ہے۔ سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ الخدمت سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھی مسیحی متاثرہ خاندانوں میں کرسمس تحائف کی تقسیم کر رہی ہے۔ معاشرے میں قیام امن کے لئے ضروری ہے کہ مذہبی منافرت کی ہر ممکن حوصلہ شکنی کی جائے اور رواداری ومذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نا گہانی آفات کی صورت میں ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیاں ہوں یا الفلاح الخدمت سکالر شپس کے تحت تعلیمی معاونت، تھر پارکر میں صاف پانی اور صحت کی سہولیات ہوں یا مواخات پروگرام کے تحت روزگار کی فراہمی، کفالت یتامیٰ پروگرام کے ذریعے یتیم بچوں کی کفالت سے لے کر سماجی خدمات میں وہیل چیئرز، ونٹر پیکج، کرسمس، گُڈ فرائیڈے اور دیوالی جیسے تہوار پر تحائف کی تقسیم تک، الخدمت ہر موقع پر اپنے دائرہ کار میں ہمیشہ اقلیتوں کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں نظر آتی ہے۔ تقریب میں شامل سکینہ بی بی نے بتایا کہ کہ الخدمت ہر سال کرسمس کے موقع پر ہمارے لیے تقریب کا انعقاد کرتا ہے، جس میں کبھی کپڑے، کبھی بستر اور لحاف اور کبھی راشن دیا جاتا ہے۔ اِس مہنگائی کے دور میں ہمارے لیے یہ تحفہ بہت اہمیت رکھتا ہے اور اس کےلیے ہم الخدمت کے شکر گزار ہیں۔ الخدمت اقلیتی امو ر ٹاؤن شپ کے ذمہ دار پاسچر وقاص نے اِس موقع پر بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن گزشتہ 20سال سے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری میں تحائف تقسیم کا اہتمام کرتی ہے۔ تحائف کی تقسیم کے عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے الخدمت کے رضاکار علاقے کا سروے کرتے ہیں اور مستحق افراد کو کوپن جاری کرتے ہیں۔ الخدمت کیمونٹی سروسز کے نیشنل ڈائریکٹر عامر محمود چیمہ نے اِس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ایسی تقریبات دنیا کے لئے ایک پیغام ہیں کہ ایک روادار معاشرے میں لوگ ایک دوسرے کی خوشی غمی کے ساتھی ہیں۔ اقلیتوں میں الخدمت کے کام کو مزید موثر بنانے اور اقلیتوں کے ساتھ مل کر اُن کے مسائل کو حل کرنے کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت باقاعدہ ”الخدمت اقلیتی ونگ“ بھی موجود ہے۔ جس میں چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر، فاٹا، گلگت بلتستان، کراچی اور اسلام آباد سے عیسائی، ہندو اور سکھ ممبران شامل ہیں۔اِس کرسمس پر سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت لاہور، کراچی، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں کرسمس تحائف تقسیم کیے گئے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔