(ویب ڈیسک ) ایف بی آر نے شادی کی تقریبات پر بھی ٹیکس لگادیا ہے،جس کے بعد شادی ہالز کے مالکان نے آئندہ تقریبات پر 10 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس وصول کرنے کا اعلان کردیا۔
رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کے حکام اور شادی ہالز کے مالکان کی تنظیم کے وفد کی ملاقات ہوئی، اس دوران شادی اور دیگر تقریبات پر 10 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس وصول کرنے پر شادی ہالز کے مالکان اور ایف بی آر میں معاملات طے پاگئے۔
اس حوالے سے صدر شادی ہال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آئندہ شادی ہال میں تقریب کرنے والے ہر شخص سے 10 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس لیا جائے گا، ود ہولڈنگ ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ ایف بی آر حکام کی ہدایت کے تحت کیا گیا ہے، اس رقم کا شادی ہال کے کرائے سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد ملک میں وسیع پیمانے پر ٹیکس اصلاحات کا عمل جاری ہے، اس سے قبل ایف بی آر نے ریسٹورنٹس، شاپنگ سینٹرز، دکانداروں کو پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) انٹیگریشن سسٹم سے منسلک کیا تھا، جس پر تاجروں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، اسی طرح فلور ملز ایسوسی ایشن بھی ایف بی آر کی جانب سے ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی کی ہدایت پر ہڑتال کرچکی ہے۔
ایف بی آر اور شادی ہال مالکان میں معاملات طے پاجانے کے بعد اب تقریب کرنے والی پارٹی کو شادی ہال کےکرائے کے علاوہ 10 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس بھی ادا کرنا ہوگا، جسے ایف بی آر کو فراہم کردیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ شادی ہال مالکان کو ادا کی جانے والی رقم اور ودہولڈنگ ٹیکس میں فرق ملحوظ خاطر رکھا جائے۔