ویب ڈیسک: دبئی میں قائم کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائیبٹ (Bybit) ہیکرز کے نشانے پر آگئی، ہیکنگ کے حملے کے نتیجے میں ایک عشاریہ پانچ بلین ڈالر کو نقصان ہوا ہے جسے تاریخ کی سب سے بڑی ڈیجیٹل چوری بھی قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اربوں ڈالرز کی چوری کی خبر نے کرپٹو کرنسی کی سلامتی اور عدم استحکام کے بارے میں ایک بار پھر خدشات کو جنم دیا ہے۔
دبئی کی ورچوئل اسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی (VARA) اس معاملے کو فعال طور پر دیکھ رہی ہے۔ ہفتے کے روز خلیج ٹائمز کو ایک بیان میں وارا اتھارٹی نے کہا کہ ہیک اب بھی ایک بڑا مسئلہ ہے جس کی وہ نگرانی کرتے رہیں گے جب تک معاملات ٹھیک نہیں ہو جاتے۔
ورچوئل اسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی نے واضح کیا کہ بائیبٹ کو دبئی میں ریگولیٹری لائسنس نہیں دیا گیا ہے۔
دنیا کا دوسرا سب سے بڑا کرپٹو ایکسچینج دبئی میں مجازی اثاثہ سروس فراہم کنندہ (VASP) کے طور پر کام کرنے کا اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے سخت لائسنسنگ کی ضروریات کو پورا کرنے پر کام کر رہا ہے۔
دبئی میں ہیڈ کوارٹر ایکسچینج نے گزشتہ برس ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ اسے دبئی میں خوردہ، اہل سرمایہ کاروں اور ادارہ جاتی صارفین کے لیے ورچوئل اثاثہ جات کے تبادلے کی خدمات پیش کرنے کے لیے عارضی (نان آپریشنل) منظوری مل گئی ہے۔ کمپنی نے اسے امارات میں کام کرنے کی مکمل منظوری حاصل کرنے کی جانب ایک ”اہم قدم“ قرار دیا تھا۔
کرپٹو کرنسی ایکسچینج ’بائیبٹ‘ کو کیسے ہیک کیا گیا؟
خلیج ٹائمز کے مطابق ریاد گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ایک سرکردہ کرپٹو اثاثہ جات کے سرمایہ کار و مشیر کمال ایوب نے نشاندہی کی کہ کرپٹو کی تاریخ کا سب سے بڑا ہیک اس وقت ہوا جب ہیکرز نے Bybit کے ”کولڈ والیٹ“ تک رسائی حاصل کی، ہیکرز نے تقریباً 1.5 بلین ڈالر کی قیمت ایک نامعلوم پتے پر بھیجی۔
ایوب کا کہنا تھا کہ اس سائبر کرائم کے بارے میں پریشان کن بات یہ ہے کہ ہیکرز نے ایک ”کولڈ اسٹوریج“ کرپٹو والیٹ کو نشانہ بنایا۔ اس قسم کے والیٹ کو چوری سے محفوظ رکھنے کے لیے انٹرنیٹ سے منسلک نہیں کیا گیا، لیکن پھر بھی اسے ہیک کرلیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ نتیجے کے طور پر ہیکرز نے بائیبٹ کے (ایتھریم کرپٹو کرنسی) کولڈ والیٹ کو اپنے کنٹرول میں لے لیا اور اسے نامعلوم پتے پر منتقل کر دیا۔ انہوں نےلین دین پر دستخط کرنے والے لوگوں کو ایک نقصان دہ لین دین کی منظوری دینے کے لیے بے وقوف بنایا، جس سے ہیکرز نے کنٹرول سنبھال لیا۔
بائیبٹ کے سی ای او بین زوہو نے کہا کہ یہ نقصان بائیبٹ ایتھریم کے تقریباً 70 فیصد کی نمائندگی کرتا ہے۔ ایکسچینج 20 بلین ڈالر کے اثاثوں کا انتظام کرتا ہے تاہم بائبٹ نے صارفین کی واپسی کی تمام درخواستوں کو پورا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
ہفتے کے روز Bybit نے اعلان کیا کہ جو بھی کرپٹو انڈسٹری کی اس بڑی چوری کو حل کرنے میں ہماری مدد کرے گا اس شخص کو 140 ملین ڈالر بطور انعام دیا جائے گا۔