ویب ڈیسک :یکم جنوری 2025 کو نئے سال کے پہلے دن دنیا کی آبادی آٹھ ارب سے تجاوز کر جائے گی۔
امریکا کے محکمۂ شماریات (سینسس بیورو) کے مطابق 2024 میں دنیا کی آبادی میں سات کرڑ 10 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا۔ گزرے سال میں دنیا کی آبادی اعشاریہ نو فی صد بڑھی۔
شماریات کے پیر کو جاری کیے گئے اندازے کے مطابق جنوری 2025 میں دنیا کی آبادی 8.09 ارب ہو جائے گی۔ جنوری 2025 میں دنیا میں ہر سیکنڈ تقریباً 4.2 پیدائش اور دو اموات ہوں گی۔
سال 2024 میں امریکا کی آبادی میں 26 لاکھ افراد سے زائد کا اضافہ ہوا یکم جنوری کو امریکہ کی آبادی 34 کروڑ 10 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔
بیورو کے مطابق جنوری 2025 میں امریکا میں ہر ساڑھے نو سیکنڈ میں ایک پیدائش اور ایک موت متوقع ہے۔ جب کہ غیر ملکی تارکینِ وطن کی آمد سے امریکہ میں ہر 23.2 سیکنڈ میں ایک فرد کا اضافہ ہو سکتا ہے۔
جاری کردہ اندازے کے مطابق پیدائش اور تارکیں وطن کی آمد کی شرح کو ملا کر اندازاً امریکا کی آبادی میں ہر 21.2 سیکنڈ میں ایک فرد کا اضافہ ہو گا۔
امریکا کی آبادی میں 2020 کے بعد سے اب تک 2.9 فی صد کی شرح سے 97 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے جب کہ 2010 سے 2019 تک امریکا کی آبادی 7.4 فی صد بڑھی تھی جو 1930 کی دہائی کے بعد آبادی میں اضافے کی سب سے کم شرح تھی۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق آبادی کے اعتبار سے بھارت دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔ آبادی میں دوسرے نمبر پر چین، تیسرے پر امریکا، چوتھے نمبر پر انڈونیشیا اور پانچویں نمبر پر پاکستان ہے۔ بھارت نے 2023 میں چین کو آبادی میں پیچھے چھوڑ دیا تھا۔