ویب ڈیسک: گوجرانوالہ کے ایک نجی ہسپتال میں حیران کن اور خوشکن واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون نے بیک وقت پانچ بچوں کو جنم دیا۔
تفصیلات کے مطابق کومل نامی خاتون کو گزشتہ روز معمول کے طبی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں کی زیرِ نگرانی کامیاب ڈلیوری کے بعد چار بیٹیاں اور ایک بیٹا دنیا میں آئے۔ اس منفرد واقعے نے نہ صرف خاندان بلکہ علاقے بھر میں خوشی اور حیرت کی فضاء قائم کر دی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق پیدائش کے وقت پانچوں بچوں کی حالت تسلی بخش تھی، تاہم ایک بچی کو سانس لینے میں معمولی دشواری محسوس ہونے پر فوری طور پر نرسری وارڈ منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے خصوصی طبی نگہداشت فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ماں اور باقی چار بچوں کی مجموعی صحت اطمینان بخش ہے اور روز بروز بہتر ہو رہی ہے۔ عملے کا کہنا تھا کہ اس طرح کے کیسز بہت کم دیکھنے میں آتے ہیں اس لیے پورا طبی اسٹاف بھی اس نایاب اور خوشی کے لمحات کا گواہ بن کر انتہائی پرجوش دکھائی دیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کومل نے دو سال قبل بھی بیک وقت تین بچوں کو جنم دیا تھا، جس کے بعد حالیہ پانچ بچوں کی پیدائش کے ساتھ وہ صرف دو برس میں آٹھ بچوں کی ماں بن چکی ہیں۔ اس غیر معمولی صورتحال نے مقامی لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی ہے اور اہل خانہ کو بڑی تعداد میں مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں۔
ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق ماں اور بچوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اور امکان ہے کہ آئندہ چند روز میں انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔ دوسری جانب اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یہ اللہ کی خاص رحمت ہے اور وہ اس انعام پر انتہائی شکرگزار ہیں۔