ویب ڈیسک: معروف امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کی ناکام محبت کی کہانی ابھی لوگوں کے ذہنوں سے محو نہیں ہوئی تھی کہ اب تیونس سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ لڑکی سندا ایاری کی کراچی میں محبت کی ایک اور افسوسناک داستان سامنے آ گئی ہے۔
سندا ایاری، جو تیونس کے دارالحکومت کی رہائشی ہے، حال ہی میں کراچی کے ویمن تھانے پہنچ کر مدد کی طلبگار بنی۔ پولیس کے مطابق سندا کی سوشل میڈیا پر کراچی کے علاقے نیا آباد، کھڈا مارکیٹ لیاری سے تعلق رکھنے والے محمد عامر سے دوستی ہوئی، جو رفتہ رفتہ محبت میں بدل گئی۔
محبت کے اس جذبے کو حقیقت میں بدلنے کے لیے سندا نے 28 نومبر 2024 کو پاکستان کا ویزا حاصل کیا اور کراچی آ پہنچی۔ ایئرپورٹ پر عامر اور اس کے اہل خانہ نے اس کا استقبال کیا، اور اگلے ہی دن ایک مختصر تقریب میں دونوں کا نکاح کر دیا گیا۔ ان کا نکاح 6 مارچ کو یونین کونسل بغدادی، لیاری میں رجسٹرڈ ہوا۔
ابتدائی طور پر شادی خوشگوار رہی، لیکن کچھ ماہ بعد ان کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی۔ سندا کے مطابق معمولی جھگڑوں نے سنگین رخ اختیار کیا اور عامر نے طلاق دے دی۔
اب سندا اپنے وطن واپس جانا چاہتی ہے، لیکن اس کا پاکستانی ویزا 18 فروری کو ختم ہو چکا ہے۔ ویزے کی تجدید یا ایگزٹ پرمٹ کے بغیر وہ تیونس واپس نہیں جا سکتی۔ پولیس کے مطابق ویزا کی تجدید کے اخراجات 400 امریکی ڈالر جبکہ ہوائی ٹکٹ کی قیمت تقریباً سوا دو لاکھ روپے ہے، جو اس کے لیے ایک بڑا مالی بوجھ ہے۔
ویمن پولیس اسٹیشن نے تصدیق کی ہے کہ لڑکی نے عامر کے خلاف کسی بدسلوکی کی شکایت نہیں کی اور اسے عارضی پناہ دے دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عامر کو تھانے طلب کیا گیا تھا، اس نے صرف طلاق دینے کی تصدیق کی اور پھر چلا گیا۔ بعد ازاں اس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا موبائل فون بند پایا گیا۔