امریکا کا غیرملکی سیاحوں پر نئی ویزافیس لگانےکااعلان

امریکا کا غیرملکی سیاحوں پر نئی ویزافیس لگانےکااعلان
کیپشن: امریکا کا غیرملکی سیاحوں پر نئی ویزافیس لگانےکااعلان

ویب ڈیسک: امریکا نے غیر ملکیوں پر ایک نئی "ویزا انٹیگریٹی فیس" نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کی کم از کم رقم 250 ڈالر ہوگی۔ یہ فیس ویزا درخواست کی موجودہ لاگت کے علاوہ ادا کرنا ہوگی اور اس کا اطلاق تمام غیر امیگرنٹ ویزا حاصل کرنے والے مسافروں پر ہوگا۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے حالیہ داخلی پالیسی بل کے تحت یہ فیس نافذ کی گئی ہے، جس کا مقصد ویزا قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا، ویزا کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور سرحدی سیکیورٹی کو مضبوط بنانا ہے۔

یہ فیس سیاحتی، کاروباری، طالب علم اور دیگر عارضی ویزا رکھنے والے افراد پر لاگو ہوگی، البتہ وہ ممالک جو ویزا ویور پروگرام (Visa Waiver Program) کا حصہ ہیں، ان کے شہری اس سے مستثنیٰ ہوں گے، بشرطیکہ وہ 90 دن سے کم قیام کریں۔

فی الحال محکمہ داخلہ اور محکمہ خارجہ نے فیس کی واپسی کے طریقہ کار سے متعلق کوئی واضح تفصیل فراہم نہیں کی، تاہم بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی مسافر ویزا کی شرائط پر پورا اترے تو وہ یہ رقم واپس حاصل کر سکتا ہے۔

امیگریشن کے ماہر اسٹیون اے براؤن کے مطابق یہ رقم سیکیورٹی ڈپازٹ کی طرح ہوگی، لیکن رقم کی واپسی کا عمل ابھی واضح نہیں ہے۔

امریکی سیاحتی ایسوسی ایشن نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیس غیر ملکی سیاحوں پر غیر ضروری مالی بوجھ ڈالے گی اور امریکہ کی سیاحت کو متاثر کر سکتی ہے، کیونکہ یہ اقدام امریکہ آنے کے اخراجات میں 144 فیصد اضافے کا سبب بنے گا۔

فیس ہر سال مہنگائی کے تناسب سے بڑھ سکتی ہے، اور جو رقوم واپس نہ کی گئیں، وہ امریکی خزانے میں جمع ہوں گی۔

Watch Live Public News