فیس بک کا نیا مفت "ویریفائیڈ" بیج کیسے حاصل کریں ؟ جانیئے

فیس بک کا نیا مفت

(ویب ڈیسک ) فیس بک نے اپنے پلیٹ فارم پر جعلی اکاؤنٹس اور آن لائن فراڈ کے خلاف ایک نیا قدم اٹھاتے ہوئے " فیس بک ویریفائیڈ" نامی مفت تصدیقی بیج متعارف کرا دیا ہے، جسے ہر حقیقی صارف مختصر سیلفی ویڈیو ریکارڈ کر کے حاصل کر سکتا ہے۔

جمعہ کے روز شائع ہونے والی ایک بلاگ پوسٹ میں فیس بک نے بتایا کہ اس نئے فیچر کا بنیادی مقصد مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے ہوئے استعمال سے نمٹنا ہے، کیونکہ اے آئی کی مدد سے جعلی مواد، پروفائلز اور پیغامات بنانا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے۔

اس عمل کے تحت صارف کو ایک مختصر ویڈیو سیلفی ریکارڈ کرنی ہوگی، جسے فیس بک اس کی موجودہ پروفائل تصاویر سے ملا کر شناخت کی تصدیق کرے گا۔ کمپنی کے مطابق یہ عمل صرف چند منٹ میں مکمل ہو جائے گا۔

شرائط:

تاہم، اس سہولت کے لیے کچھ شرائط بھی ہیں۔ صرف 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے وہ صارفین اس بیج کے اہل ہوں گے جو فیس بک کی کمیونٹی اسٹینڈرڈز پر پورا اترتے ہوں، یعنی جن کا ریکارڈ فراڈ، دھوکہ دہی یا جعلی سرگرمیوں سے پاک ہو اور جن کے اکاؤنٹ پر غیر مستند رویے کے شواہد موجود نہ ہوں۔

یہ ویریفائیڈ بیج فی الحال پیجز( Pages) اور پروفیشنل موڈ( Professional Mode)  اکاؤنٹس کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔

ابتدائی مرحلے میں یہ بیج صرف ان مقامات پر نظر آئے گا جہاں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، جیسے Marketplace، Dating، Groups اور Profile۔ فیس بک کا کہنا ہے کہ بعد میں اسےفیڈ ( Feed) پوسٹس میں بھی شامل کر دیا جائے گا۔

کمپنی اس پروگرام کا آغاز مرحلہ وار چند منتخب ممالک سے کرے گی، تاہم مستقبل میں اسے دنیا بھر کے صارفین تک توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔

اس نئے فیس بک ویریفائیڈ( Facebook Verified) پروگرام کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر مفت ہے۔

 یاد رہے کہ 2023 میں میٹا نے میٹا ویریفائیڈ( Meta Verified )کے نام سے ایک بامعاوضہ سبسکرپشن سروس متعارف کرائی تھی، جس میں تصدیقی بیج سمیت دیگر سہولیات شامل تھیں، بالکل اسی طرح جیسے ایلون مسک کے دور کے بعد X (سابقہ ٹوئٹر) پر ادا شدہ ویریفیکیشن سسٹم متعارف کرایا گیا تھا۔

Watch Live Public News