واٹس ایپ کا نیا سیکیورٹی فیچر صارفین کو آن لائن فراڈ سے بچانے میں مدد دے گا

واٹس ایپ کا نیا سیکیورٹی فیچر صارفین کو آن لائن فراڈ سے بچانے میں مدد دے گا

(ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے صارفین کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک نئے فیچر پر کام شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد مشتبہ اور فراڈ پر مبنی پیغامات سے قبل از وقت آگاہ کرنا ہے۔

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر کو "اسکام الرٹ" کا نام دیا گیا ہے اور فی الحال یہ واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔ یہ فیچر نامعلوم نمبرز یا غیر محفوظ کانٹیکٹس سے موصول ہونے والے پیغامات کے بارے میں اضافی انتباہ فراہم کرے گا، تاکہ صارفین بہتر انداز میں فیصلہ کر سکیں کہ آیا وہ اس پیغام پر اعتماد کریں یا محتاط رہیں۔

اسکام الرٹ کسی بھی مشتبہ پیغام کو خودکار طور پر بلاک نہیں کرے گا، بلکہ چیٹ کے اندر ممکنہ خطرات سے متعلق معلومات اور وارننگ دکھائے گا۔ اس کے بعد صارفین کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ بھیجنے والے کو بلاک کریں، رپورٹ کریں یا گفتگو جاری رکھیں۔

رپورٹ کے مطابق اس فیچر کا بنیادی مقصد صارفین کو فراڈ کی ممکنہ کوششوں سے ابتدائی مرحلے میں ہی خبردار کرنا ہے۔ واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ مشتبہ پیغامات کا تجزیہ صارف کے فون میں ہی کیا جائے گا اور ان کا مواد کمپنی کے سرورز پر منتقل نہیں ہوگا، جس سے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ برقرار رہے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ واٹس ایپ پہلے بھی اسی نوعیت کی آن ڈیوائس ٹیکنالوجی وائس میسج ٹرانسکرپشن فیچر میں استعمال کر چکا ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی مقامی ایکٹیویٹی لاگز پر بھی کام کر رہی ہے، جہاں اسکام الرٹس سے متعلق معلومات محفوظ کی جا سکیں گی۔

فی الحال یہ فیچر آپشنل ہوگا اور ڈیفالٹ طور پر بند رہے گا، یعنی صارفین کو اسے خود فعال کرنا ہوگا۔ چونکہ یہ ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے، اس لیے تمام صارفین کے لیے اس کی باضابطہ دستیابی کے بارے میں ابھی کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

Watch Live Public News