پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں میں زبردست اضافہ

پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں میں زبردست اضافہ
کراچی: ( پبلک نیوز) پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں پی این ایس طغرل اور سی کنگ ہیلی کاپٹرز نے پاک بحریہ میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی این ایس طغرل کی شمولیت سے پاکستان کا بحری دفاع مزید مضبوط ہوا۔ اس سے پاک بحریہ کی دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پی این ایس طغرل اور سی کنگ ہیلی کاپٹرز کی شمولیت کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جبکہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ صدر مملکت نے پی این ایس طغرل کی کمانڈ سکرول اور سی کنگ ہیلی کاپٹرز کے کاغذات کمانڈر پاکستان فلیٹ کے حوالے کئے۔ پی این ایس طغرل پاکستان نیوی کے لئے تعمیر کیے جانے والے 4 ٹائپ 054 ایلفا فریگیٹس میں سے پہلا جہاز ہے۔ یہ تکنیکی طور پر جدید صلاحیتوں کا حامل پلیٹ فارم ہے۔ پی این ایس طغرل میں سطح آب، فضا اور زیر آب مار کرنے کے ساتھ نگرانی کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ اس کے جدید کامبیٹ مینجمنٹ اور الیکٹرانک وار فئیر سسٹم کے ساتھ ساتھ اپنے دفاع کی جدید صلاحیتوں سے بھی لیس ہے۔ نیول چیف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پی این ایس طغرل پاک چین دوستی اور تعاون کی شاندار مثال ہے جبکہ سی کنگ ہیلی کاپٹرز قطر کی جانب سے پاکستان کو تحفے کے طور پر دئیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف 22 پی فریگیٹس اور ہنگور کلاس آبدوزوں کی تعمیر پاک چین فروغ پاتے ہوئے دفاعی تعاون کا ثبوت ہیں۔ پاکستانیوں کی بڑی تعداد قطری مسلح افواج میں ڈیپوٹیشن پر فرائض انجام دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کھلے پانیوں میں آزادی سے جہاز رانی پر یقین رکھتا ہے۔ سی پیک کے بعد پاک بحریہ کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پی این ایس طغرل اور سی کنگ ہیلی کاپٹرز کی شمولیت سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔ پاک بحریہ مادر وطن کی حدود کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

Watch Live Public News