لاہور: (ویب ڈیسک) لیجنڈ بائولر شعیب اختر نے ویرات کوہلی کے بارے میں بیان دے کر نیا پینڈورا باکس کھول دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی کو شادی نہیں کرنی چاہیے تھی، میں ان کی جگہ ہوتا تو ایسا کبھی نہ کرتا۔ شعیب اختر نے کہا ہے کہ شادی کے دباؤ نے ویرات کوہلی کا کھیل شدید متاثر کر دیا ہے۔ انہوں نے انڈین ٹیم کی کپتانی چھوڑی نہیں بلکہ اتنا مجبور کر دیا گیا تھا۔ ابھی ان کا اچھا وقت نہیں چل رہا۔ لیکن اب انھیں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ کس چیز سے بنے ہیں، کیا وہ لوہے سے بنے ہیں یا سٹیل سے؟ لیجنڈ بائولر کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی نے تقریباً سات سال تک انڈین ٹیم کی کپتانی کی لیکن میں کبھی اس کے حق میں نہیں تھا کہ وہ کپتانی کرتے۔ میں چاہتا تھا کہ وہ صرف سنچریاں بناتے رہیں اور اپنی بلے بازی پر توجہ مرکوز رکھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ویرات کوہلی کو شادی کرنے کے بجائے ابھی صرف رنزوں کو ڈھیر لگانے اور ریکارڈ بنانے پر اپنی پوری توجہ مرکوز کرنی چاہیے تھی، میں ان کی جگہ ہوتا تو شادی ہی نہ کرتا۔ https://twitter.com/ANI/status/1485484310010675200?s=20 شعیب اختر کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا کھیل ایسا ہے کہ اس کے جو پہلے سال ہوتے ہیں وہ دوبارہ کبھی بھی نہیں آتے۔ میرا کہنے کا یہ مطلب نہیں کہ شادی کرنا کوئی غلط کام ہے لیکن اگر آپ انڈیا کے لئے کھیل رہے ہیں تو آپ کو کرکٹ پر پوری توجہ چاہیے ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کھلاڑی پر خاندانی دباؤ بڑا برا اثر ڈالتا ہے۔ کرکٹرز کا کیرئیر محض پندرہ سال کا ہوتا ہے، جس میں صرف پہلے آپ 5 یا 6 سال تک آپ عروج پر رہتے ہیں۔ ویرات کوہلی کا بھی یہی سین ہے، ان کے پہلے سال گزر چکے ہیں، اب آئندہ سالوں کیلئے اُنہیں جدوجہد کرنا پڑے گی۔ انہوں نے سب کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ ریٹائر ہونے کے بعد ہی شادی کرنی چاہیے تھی جیسے میں نے کی۔