پی پی پی حکومت نے سب سے زیادہ تعلیمی ادارے بنائے: بلاول بھٹو

پی پی پی حکومت نے سب سے زیادہ تعلیمی ادارے بنائے: بلاول بھٹو
کراچی ( پبلک نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تعلیم کے فروغ کے لیے پی پی پی حکومتوں نے سب سے زیادہ اعلیٰ تعلیمی ادارے اور کالجز بنائے ہیں۔ تعلیم کے عالمی دن پر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ریکارڈ پرائمری اسکول اور غیر رسمی تعلیمی ادارے قائم کرنا بھی پیپلز پارٹی کی حکومتوں کا طرہِ امتیاز ہے۔ تعلیم پیپلز پارٹی کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے، کیونکہ وہ اس بات میں یقین رکھتی ہے کہ مستقبل ہمارے بچوں اور نوجوانوں کا ہے۔ تعلیم کے بغیر ہمارے بچوں اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ہر حکومتی دور میں تعلیم کی بجٹ میں اضافہ کیا گیا۔ ملکی تاریخ میں ریکارڈ تعداد میں یونیورسٹیاں اور دیگر ٹیکنیکل تعلیمی ادارے قائم کئے گئے۔ پیشہ ورانہ اور ٹیکنیکل تعلیم بہتر مستقبل کی ضمانت ہے اس مقصد کے حصول کے لیے ملکی بجٹ میں تعلیم کا حصہ بڑھانا ہوگا۔ عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت کا تعلیمی بجٹ کو جی ڈی پی کے 1.5 فیصد تک کم کردینا افسوسناک صورتحال ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد پیپلز پارٹی کی بننے والی حکومت تعلیمی بجٹ میں نمایاں اضافہ کرے گی۔ تعلیم پر سمجھوتہ کرکے یونیورسٹیوں اور ان سے منسلک اداروں کے بجٹ میں کٹوتی کرنا قوم کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ اس طرح کا رویہ ان حالات میں انتہائی عوام دشمن ہے، جب ایک طرف 5 سے 16 سال کی عمر کے تقریباً 25 ملین بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسری طرف ملک میں غریب اور مراعات یافتہ طبقے کے بچوں میں معیاری تعلیم تک رسائی میں بہت بڑا تفاوت ہے۔ یہ پیپلز پارٹی کے منشور میں شامل ہے کہ ہمیں روایتی نصاب اور تدریسی طریق کار سے آگے بڑھنا ہوگا۔ ہمیں ایک ایسے تعلیمی نظام کی طرف بڑھںا ہو گا، جو بچوں میں تخلیقی اور تنقیدی نظر کو جِلا بخشے۔ ایک ایسا نظام جو بچوں میں مسائل کو حل کرنے اور فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو پروان چڑھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئںدہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد پی پی پی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ریاست اپنی ذمیداری نبھائی۔ وہ ذمیداری آئین کے عین مطابق، تمام بچوں کو معیاری تعلیم تک یکساں رسائی فراہم کرنے کی ہے۔ پی پی پی کی آنے والی عوامی حکومت تعلیم کی بجٹ میں ابتدائی طور جی ڈی پی کے تناسب سے 3 فیصد اضافہ کرے گی۔ پی پی پی کی آئںدہ حکومت زیادہ سے زیادہ یونیورسٹیاں، کالجز و دیگر ٹیکنیکل تعلیمی ادارے قائم کرنے کا اپنا ریکارڈ برقرار رکھے گی۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔