شاداب خان کا قومی ٹیم کے کوچ ثقلین مشتاق کی بیٹی سے نکاح ہوگیا

شاداب خان کا قومی ٹیم کے کوچ ثقلین مشتاق کی بیٹی سے نکاح ہوگیا
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور آل راؤنڈر شاداب خان نے ٹیم کے کوچ ثقلین مشتاق کی بیٹی سے نکاح کرلیا ہے ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شان مسعود ، حارث رؤف کے بعد آل راؤنڈر شاداب خان نے بھی شادی کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور بلاگنگ سائٹ انسٹاگرام پر یہ اعلان کیا کہ ان کا نکاح ہوگیا ہے اور وہ اپنے نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں ۔ آل راؤنڈر شاداب خان نے مداحوں سے یہ بھی درخواست کی ہے کہ ’میری اہلیہ اور ہمارے خاندان کا احترام کریں، آپ سب کے لیے دعائیں اور ڈھیر سارا پیار‘۔
View this post on Instagram

A post shared by IMAGES (@dawn_images)

کرکٹر کی جانب سے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’میں سیقی بھائی (ثقلین مشتاق) کی فیملی کا حصہ بن گیا ہوں، جب میں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی تب سے میں اپنی نجی زندگی کو علیحدہ رکھنا چاہتا تھا، میرے اہل خانہ نے بھی اسی عمل کو ترجیح دی ہے، میری اہلیہ کی بھی یہی خواہش ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ ان کی زندگی نجی ہی رہے ۔ انہوں نے ایک بار پھر سے مداحوں سے درخواست کی کہ میری اہلیہ اور ہمارے خاندان کے انتخاب کا احترام کریں، پھر بھی اگر آپ سلامی بھیجنا چاہتے ہیں تو میں اکاؤنٹ نمبر بھیج دوں گا ۔ شاداب خان کے نکاح کرنے کے اعلان کے بعد سے ہی پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے میزبان ایرن ہولینڈ، اداکار اسد صدیق، اشنا شاہ اور جنوبی افریقا کے کرکٹر تبریز شمسی ، ٹینس کی معروف کھلاڑی اورکرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے بھی شاداب کو شادی کی مبارک باد دی ہے ۔ دیگر کھلاڑیوں نے بھی شاداب خان کو شادی کے پیغامات بھیجے ہیں ، امام الحق نے مزاحیہ انداز میں شاداب خان کی اہلیہ سے فکرمندی کا اظہار کیا اور شاداب خان کو اس نئے بندھن میں برداشت کرنے کی دعا کی ۔ حسن علی نےبھی شاداب خان کو مبارک باد دیتے ہوئےمستقبل میں خوش رہنے کی دعا دی ۔ خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز اور حارث رؤف نے بھی شاداب خان کو مبارکباد کے پیغام بھیجے۔ شاداب خان کی پی ایس ایل ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی مبارک باد پیش کی گئی ہے اور کپتان سے پوری ٹیم کو کھانا کھلانے کا بھی کہا گی ہے ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔